پاکستانی خبریں

اونچائی بنی موت کا باعث، پیراگلائیڈر جاں بحق

خیبر پختونخوا (کے پی) کے ضلع چترال میں تیز آندھی کے نیتجے میں لاہور سے تعلق رکھنے والے پیراگلائیڈر خواجہ شیراز ناصر دوران اڑان اونچائی سے گر کر جاں بحق ہوگئے۔

سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق مقامی پولیس کا کہنا تھا کہ 35 سالہ خواجہ شیراز ناصر نے چترال کے علاقے موغلاشٹ سے چاریرا کی جانب اڑان بھری تھی کہ تیز آندھی کے نتیجے میں وہ بلندی سے آگرے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیرا گلائیڈر کی کمر میں شدید چوٹیں آئی تھیں اور انہیں زخمی حالت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا، جہاں وہ دم توڑ گئے۔ بعد ازاں ان کی نعش کو ایمبولینس کے ذریعے لاہور روانہ کردیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق خواجہ شیراز میجر (ر) شاہد ناصر کے بیٹے اور نامور ادارکارہ بشریٰ انصاری کے بھانجے تھے۔

جاں بحق پیراگلائیڈر کے قریبی دوست کا کہنا تھا کہ خواجہ شیراز گزشتہ 10 برس سے پیراگلائیڈنگ سے منسلک تھے اور وہ ایڈونچر ٹریول پاکستان کے بانی اور چیف ایگزیکٹیو تھے، لاہور میں قائم یہ کمپنی خاص کر کوہ پیمائی کے حوالے سے مہمات اور ٹور آپریٹر کے طور پر کام کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خواجہ شیراز سیاحوں کو مہم جوئی کے لیے چترال اور پاکستان کے شمالی علاقوں میں لاتے تھے۔ علاوہ ازیں ہندوکش پیراگلائیڈنگ ایسوسی ایشن نے خواجہ شیراز ناصر کی اچانک موت پر افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

 

Related Articles

Back to top button