پاکستانی خبریں

عید الاضحیٰ کے بعد کراچی کے حالت مزید ابتر، شہر قائد کے باسی مسیحے کے منتظر

عید الاضحیٰ اور بارشوں کو کئی روز گزر گئے ہیں تاہم شہر میں صفائی نہیں ہو سکی، مختلف علاقوں میں گندگی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی شہر میں کچرے کے ڈھیر کا مسئلہ حل نہیں ہوا تھا کہ بارشیں شروع ہوئیں اور پھر بقر عید آ گئی، جس کے باعث کچرے اور گندگی میں مزید اضافہ ہوا۔

عید گزر گئی ہے لیکن شہر میں تا حال صفائی نہیں ہو سکی ہے، متعدد علاقوں میں گندگی کے ڈھیر پڑے ہیں جن کے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ملیر الفلاح، ملیر سعود آباد، بلدیہ ٹاوٴن، اتحاد ٹاوٴن اور اورنگی ٹاوٴن میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہیں۔

ادھر ناظم آباد اور نارتھ کراچی، مسلم ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں بھی گندگی کے ڈھیر پڑے ہیں، متعدد علاقوں میں سیوریج لائن اوور فلو ہونے کے باعث گندے پانی کے تالاب نظر آتے ہیں۔
بیش تر علاقوں میں ہزاروں ٹن کچرا گلیوں اور چوراہوں پر تا حال موجود ہے، نکاسیٔ آب کا کام مکمل نہ ہونے کے باعث مچھروں کی افزایش میں بھی اضافہ ہوا، ماڈل کالونی ریلوے اسٹیشن کچرا کنڈی میں تبدیل ہو گیا۔

ادھر بلدیاتی اور سندھ حکومت کے مابین اختیارات کی جنگ چل رہی ہے، جس کے باعث کراچی سے کچرا اور آلائشیں نہ اٹھائی جا سکیں، موصولہ اطلاعات کے مطابق شہر میں 13 ہزار ٹن کچرا نکلتا ہے، 8 ہزار ٹن بہ مشکل اٹھایا جاتا ہے۔

بتایا گیا کہ شہر میں بارش کے دوسرے سلسلے کے بعد سے کچرا اٹھانے کا کام بند تھا، ڈی ایم سیز اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ آلائشیں اور کچرا اٹھانے میں نا کام رہیں، لینڈ فل سائٹس کے داخلی و خارجی راستے کیچڑ اور پھسلن کے باعث بند تھے۔ روزانہ اٹھایا جانے والا 8 ہزار ٹن کچرا بھی 4 دن سے نہیں اٹھایا جا رہا۔

Related Articles

Back to top button