پاکستانی خبریں

وزیراعظم کی زیر صدارت کلین اینڈ گرین پاکستان منصوبے کا اجلاس، پلاسٹک بیگ پر پابندی مہم کو ملک بھر پھیلانے کی ہدایت

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کلین اینڈ گرین پاکستان منصوبے سے متعلق اجلاس ہوا۔ وزیراعظم عمران خان نے پلاسٹک بیگ پر پابندی مہم کو ملک کے دیگر شہروں تک پھیلانے کی ہدایت دے دی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ’کلین اینڈ گرین پاکستان‘منصوبے سے متعلق اجلاس ہوا .اجلاس میں مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے 10ارب درخت لگانےکے منصوبے پر بریفنگ دی۔

امین اسلم نے بریفنگ میں بتایا کہ ٹین بلین ٹری سونامی منصوبے کے تحت صوبائی سطح پر منصوبہ بندی کا عمل مکمل کر لیا گیا، منصوبے کے پہلے مرحلے میں تقریبا سوا 3 ارب پودے لگائے جائیں گے جس کا 2 سال بعد جائزہ لیا جائے گا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں پلاسٹک بیگ پر پابندی کے آغاز میں ہی نہایت حوصلہ افزا نتائج موصول ہوئے، الیکٹرک وہیکلز کے ضمن میں پالیسی مرتب کر لی گئی ہے جو جلد کابینہ کے سامنے پیش کی جائے گی۔

بریفنگ میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ کلین اینڈ گرین پاکستان انڈیکس منصوبے کا آغاز ستمبر میں کیا جائے گا، منصوبے سے ہریالی، صفائی کے معیار پر شہروں اور مضافاتی علاقہ جات کی درجہ بندی کی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں پنجاب کے 12، خیبرپختونخوا کے 7 شہروں میں منصوبے کو شروع کیا جائے گا جب کہ کل شروع کی جانے والی شجر کاری مہم کے دوران 3 کروڑ پودے لگائے جائیں گے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایت دی کہ ماحولیات کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہر طبقے کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے، پلاسٹک بیگ پر پابندی مہم میں عوام کا مثبت ردعمل نہایت حوصلہ افزاء ہے، اس مہم کو مکمل طور پر کامیاب بنانے کے لیے طلباء کی بھرپور شرکت پر خصوصی توجہ دی جائے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ماحولیات کے تحفظ کے حوالے سے وفاقی دارالحکومت کو ماڈل سٹی بنایا جائے، پلاسٹک بیگ پر پابندی مہم کو ملک کے دیگر شہروں تک پھیلایا جائے۔

Related Articles

Back to top button