پاکستانی خبریں

پیمرا کا بڑا اقدام: پاکستان میں کیسے اشتہارات اب نہیں چلیں گے؟ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا

پیمرا نے مسئلہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے پیش نظر بھارت میں بننے والے اشتہارات اور ایسے اشتہارات جن میں بھارتی اداکار، فنکار یا گلوکار وغیرہ موجود ہوں، قومی ٹیلی وژن چینلز پر نشر کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔

پیمرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ پاکستانی ٹی وی چینلز پر مختلف کثیر القومی مصنوعات کے اشتہارات میں بھارتی شخصیات کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں اور انہیں پاکستان میں نشر کیا جارہا ہے۔

پیمرا نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے پیش نظر حکومت پاکستان نے 14 اگست کو یوم آزادی پاکستان بطور یوم یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان کیا لیکن وہیں دوسری جانب پاکستانی میڈیا میں ایسے اشتہارات نشر کیے جاتے رہے جو بھارت میں بنے اور ان میں بھارتی شخصیات موجود تھیں، یہ حکومتی پالیسی کی نفی ہے۔

پیمرا کے مطابق پاکستانی ٹی وی اسکرینز پر بھارتی اداکاروں کی نمائش ان پاکستانیوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے جو کشمیر میں بھارتی مظالم پر پہلے ہی مضطرب ہیں۔نوٹیفکشن میں کہا گیا کہ اس تناظر میں پیمرا بھارت میں بننے والے اشتہارات بالخصوص وہ جن میں بھارتی اداکار موجود ہوں، نشر کرنے پر پابندی عائد کرتی ہے جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

Related Articles

Back to top button