پاکستانی خبریں
عالمی طاقتیں افغان مفاہمتی عمل کیلئے پاکستان کے کردار کی معترف
چین کے بعد امریکا اور روس نے بھی پاکستان کی عالمی امن کے لئے اہم کردار کو تسلیم کرلیا، تینوں ممالک نے مشترکہ طور پر افغانستان میں قیام امن کے عمل میں پاکستان کی شمولیت کا خیرمقدم کیا ہے۔
اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ سے جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ چین، روس اور امریکا پاکستان کو مشاورتی عمل کا حصہ بنے پر خوش آمدید کہتے ہیں اور یقین رکھتے ہیں کہ پاکستان افغان مفاہمتی عمل میں معاونت فراہم کرنے کے لیے اہم کردار ادا کرے گا۔
بیان میں افغان مفاہمتی عمل کے لیے کی جانے والی کوششوں پر چین، روس اور امریکا کی جانب سے پاکستان کو سراہا گیا ہے۔
بیان میں افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کے کردار اور اس بات کا اعتراف کیا گیا کہ افغانستان میں ہونے والی کسی بھی پیش رفت کا اثر پاکستان پر بھی پڑتا ہے۔
پاکستان کو سراہنے کی یہ پیش رفت عمران خان کے 22 جولائی کو متوقع دورہ امریکا سے قبل سامنے آئی جس کے ساتھ ہی اس دعوے کی بھی تصدیق ہوگئی کہ امریکی اور پاکستانی حکام کے مابین ہونے والی مشاورت میں افغانستان سب سے اہم موضوع رہے گا۔