کرتارپور راہداری: پاک بھارت مذاکرات کا دوسرا دور کل واہگہ میں ہوگا

تفصیلات کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ نے کہا کرتارپورراہداری منصوبے پر پاک بھارت مذاکرات کل واہگہ بارڈر پر ہوں گے، پاکستانی وفد کی قیادت ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل اور بھارتی وفد کی قیادت جوائنٹ سیکرٹری خارجہ دیپک متل کریں گے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک نے14 جولائی کو مذاکرات کے پروگرام کو حتمی شکل دے دی ہے، بھارت نے منصوبے سے متعلق نکات تیارکرلیے ہیں ۔
ذرائع کے مطابق کرتارپورراہداری کے افتتاح کی تاریخ اور وقت پر بات ہوگی، دونوں ممالک کے اہم رہنماؤں کی شرکت کیلئے نام فائنل کیے جائیں گے۔
سفارتی ذرائع نے کہا وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی افتتاحی تقریب میں شرکت متوقع ہے جبکہ مذاکرات میں منصوبے کے افتتاح پر کتنے بھارتی یاتری پاکستان آئیں گے اور سکھ یاتریوں کی رجسٹریشن کے طریقہ کار پر بھی بات ہوگی۔
مذاکرات میں بھارت سے یاتری کتنی کرنسی ساتھ لاسکتے ہیں تعین ہوگا۔
پاکستان بھارت کے ساتھ ہونے والی کرتارپور راہ داری مذاکرات کے لیے بھارتی میڈیا کو دعوت دے چکا ہے۔