خطے میں اہم پیش رفت، پاک بھارت ٹریک ٹو مذاکرات کا آغاز
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹریک ٹو مذاکرات کا آغاز ہوگیا، مذاکرات کا پہلا دور 2 روز تک جاری رہے گا، مذاکرات میں بھارت اور پاکستان کا وفد شرکت کرے گا۔مذاکرات میں دفتر خارجہ کے حکام بھی شرکت کریں گے، ٹریک ٹو مذاکرات کا دوسرا دور نئی دہلی میں ہوگا۔
سربراہ آر پی آئی رؤف حسن کے مطابق ٹریک ٹو مذاکرات کا انعقاد ریجنل پیس انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام ہورہا ہے، فروری کے بعد تعلقات کشیدگی کے بعد یہ مذاکرات اہم ہیں۔ رؤف حسن نے کہا کہ دونوں حکومتوں میں تعلقات کی بہتری کا راستہ ٹریک ٹو سفارت کاری ہے، مذاکرات کا مقصد دونوں ملکوں کے نوجوانوں کو امن کی جانب لانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے روز تعلقات کا جائزہ لینے کے لیے ورکنگ سیشنز ہوں گے، مذاکرات میں دونوں ممالک کے سابق سفرا بھی شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھارت نے پاکستان سے فضائی حدود کھولنے کے لیے رابطہ کیا تھا، کشیدگی کے باعث پاکستان کی حدود میں بھارتی طیاروں کے داخلے پر بندش ہے۔
ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن کا کہنا تھا کہ کشیدگی کے باعث بھارتی جہازوں کے لیے فضائی حدود تاحال بند ہے، بھارت کو جواب دیا ہے کہ ایئربیس کلیئر اور جنگی طیارے ہٹانے تک فضائی حدود نہیں کھولی جائے گی۔