برطانیہ میں مقیم کشمیری برادری کا بھارتی مظالم کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

مقررین نے معصوم و نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی شدید مذمت کی اورکہا کہ احتجاجی ریلی کے انعقاد کا مقصد دنیا بھر میں تحریک مزاحمت کی حمایت حاصل کرنا ہے.
برطانیہ میں کشمیری برادری نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف مظاہرہ کیا ہے۔ بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی گئی اور معصوم و نہتے کشمیریوں کے قتل عام سمیت مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج کیا گیا۔
احتجاجی ریلی کے انعقاد کا مقصد دنیا بھر میں تحریک مزاحمت کی حمایت تھی۔ ریلی کا انعقاد تحریک کشمیر برطانیہ اور جموں و کشمیر حق خود ارادیت عالمی کے اشتراک سے کیا گیا۔
ریلی کے شرکاء نے بھارتی مظالم کے خلاف شدید نعرہ بازی کی اور اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ وادی میں سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف اپنا کردار ادا کریں تاکہ معصوم اور نہتے کشمیری عوام پر بھارتی افواج کے برسوں سے جاری مظالم کو بند کرایا جا سکے۔
مقررین نے کشمیریوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے تحریک آزادی میں نئی روح پھونک دی ہے۔