پاکستانی خبریں

محکمہ موسمیات نے بلوچستان میں مون سون بارشوں کی نوید سنادی

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں مون سون بارشوں کا سلسلہ رواں ماہ 12 جولائی سے شروع ہونے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک میں مون سون کی بارشوں کا آغاز ہو چکا ہے تاہم اس دوران بلوچستان میں سبی اور ہرنائی کے علاقوں میں تھوڑی بارشیں ضرور ہوئی ہیں مگر یہاں بارہ جولائی سے مون سون بارشوں کے سلسلے کے آغاز کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں ژوب ڈویژن، سبی، جعفر آباد اور ہرنائی کے علاقوں میں زیادہ بارشیں ہونے کا امکان ہے جس سے ندی نالوں میں طغیانی پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمالی اور ساحلی علاقوں میں زیادہ بارشوں کا امکان نہیں ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد، بالائی پنجاب، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، مردان، بنوں، ڈی آئی خان، ڈجی خان اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیزہواؤں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اورمرطوب رہے گا۔

Related Articles

Back to top button