پاکستانی خبریں

لاہور ہائی کورٹ نے توشہ خانے کے تحائف کی نیلامی کا عمل روک دیا

لاہور ہائی کورٹ نے توشہ خانے کے تحائف کی نیلامی کا عمل روک دیا اور وفاقی حکومت سے 9 دسمبر تک جواب طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں توشہ خانہ کے سرکاری تحائف کی خفیہ نیلامی روکنےکی درخواست پر سماعت ہوئی ، چیف جسٹس قاسم خان نےعدنان پراچہ ایڈووکیٹ کی درخواست پرسماعت کی۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ رولز کےتحت نیلامی کی کارروائی عمل لائی جارہی ہے، جس پر چیف جسٹس نے کہا اندھا بانٹےریوڑیاں اپنوں میں ،یہ تو مثال بن گئی، نیلامی کیلئے اشتہار دیا گیا یا نہیں، یا صرف افسران کو خطوط لکھے گئے، یہ طریقہ کار واضح طور پر آئین کی خلاف ورزی ہے۔

لاہور ہائی کورٹ نے توشہ خانے کے تحائف کی نیلامی کا عمل روکتے ہوئے وفاقی حکومت سے 9 دسمبر تک جواب طلب کرلیا اور اٹارنی جنرل پاکستان کو بھی نوٹس جاری کر دیا۔

یاد رہے لاہور ہائی کورٹ میں توشہ خانہ کے سرکاری تحائف کی خفیہ نیلامی روکنے کیلئے درخواست دائر کی گئی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ صدرمملکت، وزیراعظم، وزرا ء اوراعلی حکام کو سرکاری دوروں پر ملنے والے تحائف توشہ خانہ میںجمع ہوتے ہیں، توشہ خانہ کے سرکاری تحائف کوقانونی جواز کے بغیر خفیہ نیلام کیا جارہا ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ خفیہ نیلامی میں شمولیت کیلئے عوام الناس کی بجائے صرف سرکاری افسروں کو خطوط لکھے گئے ہیں، استدعا ہے کہ پچیس نومبرکوہونے والی غیرقانونی خفیہ نیلامی کوروکنے کاحکم دیا جائے ۔

Related Articles

Back to top button