پاکستانی خبریں

سراج الحق کا بھی حکومت مخالف تحریک چلانے کا اعلان

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے یکم نومبر سے حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ 23 اکتوبر کو اجلاس میں تحریک کا مکمل شیڈول دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بےروزگاری کے خلاف خیبرپختونخوا سے تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) نے بھی حکومت کے خلاف تحریک کا آغاز گجرانوالہ سے کر دیا ہے جب کہ آج کراچی میں پی ڈی ایم کا دوسرا جلسہ ہو گا۔

جمعے کے روز گجرانوالہ میں پی ڈی ایم کے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ میں پہلی مرتبہ گوجرانوالہ کے عوام سے مخاطب ہوں۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا گوجرانوالہ کے عوام کو تبدیلی پسند آئی ہے؟

جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی پی نے حکومت پر کڑی نکتہ چینی کی اوراستفسار کیا کہ کیا یہ تبدیلی ہے کہ گندم اگانے والے کسان کے پاس روٹی نہیں ہے؟

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تبدیلی آئی ہے کہ پاکستان میں تاریخی مہنگائی ہے۔ انہوں ںے کہا کہ تبدیلی یہ ہے کہ ملک میں تاریخی بیروزگاری ہے۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کی کرپشن جب باہر آئے گی تو لوگ کانوں کو ہاتھ لگائیں گے۔ انہوں ںے کہا کہ عمران خان یاد رکھو کہ صفحہ پلٹتے ہوئے دیر نہیں لگتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی ووٹوں سے حکومت آنی اور جانی چاہیے کیونکہ حساب کتاب عوام نے کرنا ہے لیکن جب تک ووٹ کو عزت نہیں ملتی تو عوام کا وہی حال ہوتا ہے جو آج ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نوازنے اپنے خطاب میں استفسار کیا کہ گو عمران گو نعرہ لگے گا تو میں چلا جاوَں گا، کہنے والا کون تھا؟ انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے اراکین نے ایک ہفتے سے لاہورمیں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان تم جہاں بھی جاؤ پناہ نہیں ملے گی۔ انہوں ںے دعویٰ کیا کہ حکومت گوجرانوالہ والوں سے خوفزدہ تھی۔ انہوں ںے کہا کہ میں آج آپ کے پاس آپ ہی کا مقدمہ لے کر آئی ہوں۔

مریم نواز نے کہا کہ میں پوچھتی ہوں کہ کیا گوجرانوالہ میں کاروبار بند نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں کاروباری برادری اور مزدوروں کا مقدمہ لے کر آئی ہوں۔ اوراس ماں کا مقدمہ لائی ہوں جو مہنگائی سے پس رہی ہے۔a

Related Articles

Back to top button