پاکستانی خبریں

بلوچستان اسمبلی: پارلیمانی سیکرٹری بشریٰ رند کورونا وائرس میں مبتلا

بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی سیکرٹری بشریٰ رند بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئیں۔

بلوچستان کی حکمران جماعت باپ پارٹی کی رکن صوبائی اسمبلی بشریٰ رند کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔ بشریٰ رند نے گھر میں ہی قرنطینہ کر لیا ہے اور ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق ادویات استعمال کر رہی ہیں۔

بشریٰ رند کو طبیعت خراب ہونے کی صورت میں فاطمہ جناح چیسٹ اسپتال لایا گیا تھا جہاں ان کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا۔

واضح رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہزار570 ہو گئی ہے اور 3 لاکھ 18 ہزار 932 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 666 نئے کیسز اور 12 اموات ہوئی ہیں۔

ملک بھرمیں کورونا ایکٹیو کیسز کی تعداد 8 ہزار 904 ہے اور 3 لاکھ 3 ہزار 458 صحتیاب ہو چکے ہیں۔

اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد 17 ہزار 296 ہو گئی ہے۔ پنجاب ایک لاکھ 687، سندھ میں ایک لاکھ 40 ہزار 131، خیبر پختونخوا میں 38 ہزار329، بلوچستان میں 15 ہزار520، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 924 اور آزاد کشمیر میں3 ہزار45 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

Related Articles

Back to top button