پاکستانی خبریں

عثمان بزدارآج چینی انکوائری کمیشن میں اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار (آج) بدھ کو چینی انکوائری کمیشن میں اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے۔

ذرائع کے مطابق چینی انکوائری کمیشن وزیراعلیٰ پنجاب سے چینی سبسڈی پر سوالات کرنا چاہتا ہے، کمیشن نے انہیں چینی کی15 ملوں کو تقریباً 3ارب روپے کی دی جانے والی سبسڈی پرطلب کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکل اسلام آباد میں اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے جب کہ چینی انکوائری کمیشن نے وزیراعلیٰ پنجاب کو کہا ہےکہ وہ چاہیں تو ویڈیو لنک پر بھی اپنا بیان ریکارڈ کراسکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق چینی کی برآمد پر 3 ارب روپے کی سبسڈی دینے میں جلد بازی کی گئی جب کہ محکمہ خزانہ پنجاب نے بھی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر نے بھی ا ی سی سی کے سابق چیئرمین کی حیثیت سے اپنا بیان قلمبند کرایا ہے۔

خیال رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ ملک میں چینی بحران کاسب سے زیادہ فائدہ حکمران جماعت کے اہم رہنما جہانگیر ترین نے اٹھایا، دوسرے نمبر پر وفاقی وزیر خسرو بختیار کے بھائی اور تیسرے نمبر پر حکمران اتحاد میں شامل مونس الٰہی کی کمپنیوں نے فائدہ اٹھایا۔

اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ اعلیٰ سطح کے کمیشن کی جانب سے مفصل فرانزک آڈٹ کا انتظار کررہے ہیں جو 25 اپریل تک کرلیا جائے گا تاہم بعد ازاں کمیشن کو رپورٹ پیش کرنے کے لیے مزید 3 ہفتوں کی مہلت دی گئی تھی۔

گزشتہ دنوں شاہد خاقان عباسی نے چینی انکوائری کمیشن کے سربراہ واجد ضیاء کو خط لکھ کر چینی بحران کی انکوائری میں تفصیلات دینے کی پیشکش کی تھی جس پر کمیشن کی جانب سے 2 روز قبل انہیں بھی بلایا گیا تھا۔

Related Articles

Back to top button