پاکستانی بہت اچھے لوگ ہیں اورمیں پاکستان کوبہت پسند کرتا ہوں، ڈونلڈ ٹرمپ

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کے دوران امریکی صدر نے پاکستان کی تعریف کی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مجھے پاکستان بہت پسند ہے اور وہاں کے لوگ بھی بہت اچھے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دنوں جوہری طاقت رکھتے ہیں اور ان کے درمیان جنگ کو میں نے ختم کروایا اور تجارت پر آمادہ کیا۔ یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کے بھی معترف رہے ہیں۔
امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان کے آرمی چیف اپنے ملک کی ایک بااثر شخصیت ہیں اور انہوں نے پاکستان کی طرف سے جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ تاہم بھارت کے ساتھ جنگ کے خاتمے پر بھی ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کی اعلیٰ فوجی اور سیاسی قیادت کی فہم و فراست کی تعریف کی تھی۔
امریکی صدر مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ثالثی کے کردار کی پیشکش بھی کی تھی اور اپنے پہلے دورِ اقتدار میں بھی پاکستان کو دوست ملک قرار دے چکے ہیں۔ جنوبی ایشیا کے امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت امریکی صدر کا یہ اعتماد بلین ڈالرز کی تجارت کے باوجود حاصل نہ کرسکا ہے۔
خیال رہےکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر آج امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔
برطانوی خبرساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ آج ظہرانےمیں شریک ہوں گے، ابھی یہ واضح نہیں کہ ظہرانے میں دونوں رہنماؤں کے درمیان کیا بات چیت ہوگی، ظہرانے میں پریس کی بھی شرکت نہیں ہوگی۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر اور امریکی صدر کے درمیان غیر معمولی ملاقات بھارت کو پریشان کرسکتی ہے۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی سیکرٹری خارجہ وکرم مسری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی نے امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ 35 منٹ طویل ٹیلی فونک گفتگو کی۔
بھارتی سیکرٹری خارجہ کے مطابق مودی نے ٹرمپ کو کہا کہ پاکستان سے تنازع پر بھارت تیسرے فریق کی ثالثی قبول نہ کرتا ہے اور نہ کرے گا۔
وکرم مسری کے مطابق نریندر مودی نے مذاکرات سے انکار کرتے ہوئے ٹرمپ کو کہا کہ آپریشن سندور تاحال جاری ہے۔