وزیر اعظم کے مختلف ملکوں کے سربراہوں سے رابطے، عید کی مبارکباد دی

انہوں نے کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد کو ٹیلی فون کیا، کویت کے ولی عہد نے شہباز شریف کی دورہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی۔
شہباز شریف نے قطر، ملائشیا، آذربائیجان، تاجکستان، ازبکستان اور مصر کے سربراہان سے دو طرفہ تعلقات پر گفتگو کی اور پاک بھارت کشیدگی پر متوازن مؤقف کو سراہا۔
ازبک صدر شوکت مرضیوف نے خطے میں امن و سلامتی کیلیے پاکستانی کوششوں کو سراہا۔ وزیر اعظم اور بحرین کے بادشاہ شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کا بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔
جس میں دونوں رہنماؤں نے امت مسلمہ کے اتحاد اور غزہ کے عوام کیلیے خصوصی دعائیں کیں۔
بحرین کے بادشاہ نے وزیر اعظم شہباز شریف کی دورہ پاکستان کی دعوت قبول کی۔ وزیر اعظم نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو بھی فون پر عید کی مبارکباد دی۔
گزشتہ روز صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایوانِ صدر میں پاکستان میں مختلف ممالک کے سفراء اور سفارتکاروں نے ملاقات کی۔
اے پی پی کے مطابق ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹ بھی موجود تھے۔
صدر مملکت اور دوست ممالک کے سفراء کے مابین عیدالاضحٰی کی مبارکباد کا تبادلہ ہوا، صدر مملکت نے عیدالاضحٰی کے موقع پر ایوانِ صدر آمد اور خوشیوں میں شریک ہونے پر سفراء کا شکریہ ادا کیا۔