حکومت کا کراچی میں سندھ کا پہلا اسپیشل ٹیکنالوجی زون قائم کرنے کا اعلان

معاون خصوصی قاسم نوید قمر نے کہا کہ یہ اسپیشل ٹیکنالوجی زون اکیڈیمیا اور انڈسٹری کے الحاق کا بہترین سنگم ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس اسپیشل ٹیکنالوجی زون کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ 8 سے زائد بڑے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار اداروں نے اس زون میں کام کرنے کے لیے گہری دلچسپی ظاہر کردی ہے۔
سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ یہ اسپیشل ٹیکنالوجی زون سلیکون ویلی کے طرز پر تعمیر کیا جائے گا اور یہ زون اسمارٹ مینوفیکچرنگ کا ایک ایسا مرکز ہوگا جس میں آٹو میشن، ایڈوانس مینو فیکچرنگ، کلاؤڈ اینڈ ایج کمپیوٹنگ، سائبرسیکیورٹی، ہیلتھ ٹیکنالوجی ، ایگری ٹیکنالوجی، بلاک چین، فائیو جی ہائپراسپیڈ، کلین انرجی اور دیگر جدید ترین ٹیکنالوجی کے ادارے قائم ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس اسپشل ٹیکنالوجی زون سے صوبے میں جدید ترین ٹیکنالوجی اور تعلیم کو فروغ ملے گا اور نوجوانوں کے لیے تعلیم اور روزگار کے حصول کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔
قاسم نوید قمر نے کہا کہ اسپیشل ٹیکنالوجی زون کے قیام کے لیے روڈ میپ پر مبنی ماسٹر پلان پر ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہے اور یہ زون جلد ہی فعال ہوکر صوبے میں تعلیم، جدید ترین ٹیکنالوجی اور روزگار حاصل کرنے کے مواقع کا سبب بنے گا۔