پی پی 52 سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب میں تمام 185پولنگ اسٹیشن کے غیر حتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ کی حنا ارشد وڑائچ نے 78419 ووٹ لےکر کامیابی حاصل کی۔
پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار فاخرنشاط گھمن 40037 ووٹ لےکر دوسرے نمبر پر رہے۔
ن لیگی امیدوار حنا ارشد کا کہنا تھاکہ عوام نے مجھے سیاست کیلئے نہیں خدمت کیلئے منتخب کیا، مریم نواز کی وجہ سے اس مقام پر کھڑی ہوں، اگروزیراعلیٰ پنجاب مجھ پراعتماد نہ کرتیں تو یہاں کھڑی نہ ہوتی۔
اُدھر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پی پی 52 ضمنی انتخاب میں کامیابی پر حنا ارشد وڑائچ کومبارکباد دی اور کہا کہ سمبڑیال کے عوام نے جس اعتماد کا مظاہرہ کیا اس پرپورا اتریں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ مسلم لیگ ن کی کامیابی عوام کا حکومت کی پالیسیوں پراعتماد کا اظہار ہے، عوام خدمت کرنے والوں اورفتنہ فساد پھیلانے والوں کوپہچان چکے، نوازشریف کی قیادت میں ترقی کاسفرتیزی سےجاری ہے۔