تھائی لینڈ میں ہونے والی رینکنگ فائٹ میں پاکستانی باکسر شہیر آفریدی نے روایتی حریف بھارتی باکسر ترجوت سنگھ باوا کو پچھاڑ دیا۔ شہیر آفریدی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھے راؤنڈ میں بھارتی حریف کو شکست دی۔
تیسرے راؤنڈ میں ہی بھارتی باکسر ترجوت سنگھ باوا لڑکھڑا گئے تھے اور چوتھے راؤنڈ میں شکست کھا گئے جب کہ چوتھے راؤنڈ میں ریفری نے بھارتی باکسر کو مزید کھیلنے سے روک دیا اور پاکستان کے شہیر آفریدی کو کامیاب قرار دیا۔
مڈل ویٹ کیٹیگری میں شہیر آفریدی کی یہ رینکنگ فائٹ تھی، شہیر آفریدی نے اب تک 18 مقابلے لڑے، 16 میں کامیاب رہے، ایک ہارے اور ایک برابر رہا۔ تھائی لینڈ میں ہی ویمن باکسنگ مقابلے بھی ہوئے جہاں پاکستان کی عالیہ سومرو کا مقابلہ تھائی باکسرسے تھا۔
عالیہ سومرو نے پہلے ہی راؤنڈ میں تھائی باکسر کو ناک آؤٹ کر کے کامیابی حاصل کی۔