ملک کا اگلا وزیراعظم کون ہوگا؟ شہباز شریف نے بتا دیا
نجی ٹی وی کے الیکشن ٹرانسمیشن میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی عوام کی قربانیوں سے دہشت گردی کا تقریباً خاتمہ ہوگیا تھا، لیکن تین سال قبل بعض ایسے فیصلے ہوئے جس سے دہشت گردوں کو سر اٹھانے کا دوبارہ موقع ملا۔
شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کا کرم ہے ہم نے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا،کل عوام اس بات کا فیصلہ کریں گے کہ کون سی پارٹی ملک میں حکومت بنائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں آئی ایم ایف کےایک اورپروگرام کی طرف جانا ہوگا،ہمیں بڑے فیصلے کرنے ہوں گے، ایسے اثاثوں کو بیچنا چاہیے جو نقصان کر رہے ہیں۔
جب شہباز شریف سے سوال کیا گیا کہ سادہ اکثریت ملی تو نوازشریف ورنہ آپ وزیراعظم ہوں گے؟
جس پر جواب دیتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ انتخابات میں اگر سادہ اکثریت ملتی ہے تو ہمارے وزیراعظم کے امیدوار نوازشریف ہی ہوں گے، البتہ اگر سادہ اکثریت نہیں ملی تو وزارت عظمیٰ کا فیصلہ مشاورت سے ہوگا۔
شہبازشریف نے مزید کہا کہ الیکشن میں چند گھنٹے باقی رہ گئے ہیں، ملک میں ہونے والے دھماکوں کا مقصد ہے کہ ووٹرز کو ڈرایا جائے تاکہ وہ ووٹ ڈالنے نہ آئیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پارلیمانی بورڈ میٹنگ میں تین خواتین موجود تھیں،خواتین کا پہلا سینٹر ملتان میں مسلم لیگ ن نے قائم کیا، پنجاب میں ہزاروں خواتین کے لیے ووکیشن سینٹر قائم کیے۔
شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف کی بیماری سیریس تھی، ان کی بیماری پر اس وقت کی حکومت نے میڈیکل بورڈ بنایا تھا۔