بین الاقوامی

عمرہ زائرین کیلئے بڑی خوشخبری، مفت بس سروس کا اعلان

سعودی عرب نے رمضان المبارک میں عمرہ زائرین کے لیے مفت بس سروس کی سہولت متعارف کروائی ہے، جس کے تحت 8 سو سے زیادہ بسیں مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور جدہ کے درمیان چلائی جارہی ہیں۔

العربیہ نیوز کے مطابق مملکت کی جانب سے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور جدہ کے درمیان معتمرین کو لے جانے کے لیے بس سروس بحال کردی ہے، اعلیٰ تکنیکی خصوصیات کی حامل یہ بسیں انتہائی آرام دہ اور محفوظ ہیں۔

کاروں کی جنرل سنڈیکیٹ کے صدر اسامہ سمکری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مکہ مکرمہ میں آٹوموبائل کی جنرل سنڈیکیٹ کی طرف سے معتمرین کو نقل و حمل کی ممتاز خدمات فراہم کی جارہی ہے، ان بسوں کے ذریعہ عمرہ زائرین کو بیرونی پارکنگ اور ہوٹلوں کے درمیان منتقل کیا جاتا ہے، رہائشی منزلوں کو مسجدالحرام کے قریبی سٹیشنوں تک جوڑنے کے لیے زیادہ نشستوں کی گنجائش والی 3 ہزار بسیں چلائی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ تمام حکومتی، سکیورٹی اور خدمات کے اداروں کی طرف سے قائم کردہ ایک کمیٹی معتمرین اور نمازیوں کو مسجدالحرام اور ان کی رہائش گاہوں کے درمیان لے جانے کے آپریشن کو منظم کرتی ہے، جنرل سنڈیکیٹ نے عمرہ زائرین کو جدہ کے کنگ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے سے مسجدالحرام تک لے جانے کے لیے سروس فراہم کرنے میں پہل کی ہے۔

اسامہ سمکری نے یہ نشاندہی بھی کی کہ یہ سروس مفت ہے، ضیوف الرحمٰن کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اس سروس کو بہت سے سرکاری اداروں کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے، یہ اپنی نوعیت کی پہلی سروس ہے کیوں کہ یہ سروس طیارے سے لے کر مکہ مکرمہ میں مسجدالحرام تک پہنچانے کا کام کرتی ہے، جو ’’نسک‘‘ یا ’’توکلنا‘‘ ایپلی کیشن کے ذریعے عمرہ بکنگ کرنے والوں اور سعودی عرب کے باہر سے عمرہ ویزہ کے بغیر آنے والوں کے لیے دستیاب ہے۔

انہوں نے بتایا کہ رمضان المبارک میں جدہ ایئرپورٹ سے مکہ مکرمہ تک ہر روز 13 بسیں چلتی ہیں، صبح 10 بجے سے لے کر رات 10 بجے تک ہر گھنٹے میں ایک بس جدہ سے مکہ مکرمہ کے لیے روانہ ہوتی ہے، اسی طرح مکہ سے جدہ کے لیے ہر روز 12 بسیں چلائی جاتی ہیں، صبح 11 بجے سے لے کر رات 11 بجے تک ہر گھنٹے ایک بس چلائی جاتی ہے۔

Related Articles

Back to top button