بین الاقوامی
نائیجریا حکومت نے شیخ ابراہیم زکزاکی کو قتل کرنے کی تیاری کر لی
شیخ ابراہیم زکزاکی کے بیٹے محمد نے کہا ہے کہ نائیجریا کی حکومت نے اسلامی تحریک کے بانی شیخ ابراہیم زکزاکی کو قتل کرنے کی مکمل تیاری کرلی ہے۔
چھیاسٹھ سالہ معروف اسلامک اسکالر اور اسلامی تحریک نائیجریا کے بانی شیخ ابراہیم زکزاکی کی حالت دن بدن خراب ہوتی چلی جارہی ہے۔
انکو بنیادی طبی سہولیات بھی میسر نہیں ہے جسکی وجہ سے وہ جیل کے اندر مشکل ترین صورتحال سے دوچار ہیں، شیخ ابراہیم زکزاکی کے بیٹے محمد نے عالمی میڈیا کو بتایا ہے کہ انکو اپنے والد سے ملنے بھی نہیں دیا جارہا ہے، جسکی وجہ سے ان تک ضروری ادویات کی ترسیل رک گئی ہے اور بغیر ادویات کے چھیاسٹھ سال کے بزرگ کتنی دیر زندہ رہ سکتے ہیں۔
اس سے قبل جیل حکام نے بتایا تھا کہ علامہ شیخ ابراہیم زکزاکی کی صحت انتہائی خراب ہوگئی ہے اور ان کے جسم کے مختلف حصے فالج سے متاثر ہوئے ہیں اور اب وہ چلنے کے قابل بھی نہیں رہے ہیں۔