بین الاقوامی

یورپ میں عالمی وبا کورونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلنے کا انکشاف

یورپ کے بیشتر ممالک میں عالمی وبا کورونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلنے کا انکشاف ہوا ہے جس کا مرکز اسپین بتایا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ نئے قسم کا کورونا وائرس فطری طور پر خطرناک نہیں ہے تاہم اس کے پھیلنے کی شرح پہلے قسم کے وائرس سے زیادہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق کورونا کی نئی قسم سب سے پہلے اسپین کے دو علاقوں آراگونا اور کیٹالونیا کے کسانوں میں سامنے آئی ہے۔

محققین کے مطابق برطانیہ میں کورونا کی نئی قسم کے وائرس کا پھیلاؤ میں اس وقت اضافہ ریکارڈ کیا گیا جب قرنطینہ کے بغیر سفری اجازت اور گرم موسم کا اختتام ہوا۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر شدت پکڑتی جا رہی ہے جب کہ گزشتہ روز 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 5 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

اب تک عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب دنیا میں 4 کروڑ 48 لاکھ 41 ہزار 231 افراد متاثر اور 11 لاکھ 80 ہزار 349 ہلاک ہو چکے ہیں۔

کورونا سے صحتیاب افراد کی تعداد 3 کروڑ 27 لاکھ 41 ہزار 108 ہو گئی ہے اور ایک کروڑ 8 لاکھ 67 ہزار 137 ایکٹیو کیسز ہیں۔

امریکہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک میں پہلے نمبر پر ہے جہاں اموات کی تعداد 2 لاکھ 33 ہزار سے زائد اور متاثرہ افراد کی تعداد91 لاکھ 21 ہزار 800 تک پہنچ چکی ہے۔

بھارت کورونا کیسز کے اعتبار سے دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں اموات کی تعداد ایک لاکھ 20 ہزار 583 ہو گئی جبکہ 80 لاکھ 41 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔

برازیل میں کورونا سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 58 ہزار468 ہو گئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 54 لاکھ69ہزار سے زائد ہے۔

Related Articles

Back to top button