جون میں گرمی کا 127 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان کے محکمہ موسمیات نے اعلان کیا ہے کہ اس بار جون ملکی تاریخ کا سب سے گرم ترین جون ثابت ہوا جس میں اوسط درجہ حرارت معمول سے 2.34 ڈگری زیادہ رہا۔
محکمۂ موسمیات کا مزید کہنا تھا کہ درجہ حرارت کا ریکارڈ 1898 سے رکھے جانے کا آغاز ہوا تھا اور اُس وقت سے اب تک اتنا گرم جون کبھی نہیں دیکھا گیا۔
جون 2025 کا یہ درجہ حرارت پانچ سال قبل ریکارڈ ہونے والے گرم ترین جون سے بھی تقریباً ایک ڈگری زیادہ رہا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ گرمی کی اس لہر کی بنیادی وجہ ملک بھر میں ایک طاقتور ہائی پریشر سسٹم کا غالب ہونا رہا، جس کے باعث شدید گرمی پھیل گئی۔
جاپان کے شہر ہوکائیڈو کے قصبے "اومو” میں جون کا اوسط درجہ حرارت معمول سے 4.8 ڈگری زیادہ ریکارڈ ہوا۔
سینڈائی شہر میں یہ معمول سے 3.6 ڈگری زیادہ رہا۔ مرکزی ٹوکیو میں جون کے مہینے میں ریکارڈ 13 دن ایسے تھے جن میں درجہ حرارت 30 ڈگری یا اس سے زیادہ رہا جو معمول سے 2.8 ڈگری زیادہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ جولائی میں بھی گرمی کی شدید لہر جاری رہنے کی توقع ہے، جس پر عوام کو احتیاط برتنے اور ہیٹ اسٹروک سے بچنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔