پاک بھارت جنگ کے دوران حرا مانی ابوظہبی ایئرپورٹ پر پھنس گئیں ، روتے ہوئے ویڈیو وائرل

حرا مانی نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ ابوظبی ایئرپورٹ پر پھنس جانے کے تجربے اور جنگی صورتحال پر اپنے جذبات کا اظہار کرتی نظر آئیں۔
اداکارہ کے مطابق، وہ اُس وقت شدید پریشانی کا شکار ہو گئیں جب پاکستان کی فضائی حدود بند ہو گئی تھیں، اور انہیں محسوس ہوا کہ وہ شاید اپنے بچوں سے دوبارہ نہ مل سکیں۔
ویڈیو میں حرا مانی نے کہا کہ ان کا مقصد صرف اپنے دل کی بات اُن پاکستانیوں سے بانٹنا ہے جنہوں نے اپنے پیاروں کو جنگ کے باعث کھو دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ جنگ نہیں چاہتیں اور دعا گو ہیں کہ سب کو صبر ملے اور پاکستان پر امن قائم رہے۔
حرا نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا ’جب پرسوں میں ابوظہبی ایئرپورٹ پر پھنس گئی تھی مجھے لگ رہا تھا میں کبھی بھی اپنے بچوں کو نہیں مل پاؤں گی پاکستان کی ایئر اسپیس بند ہو گئی تھی، ہم جنگ نہیں چاہتے، ہم بچوں والے لوگ ہیں‘۔
اداکارہ نے اپنے پیغام کے اختتام پر "پاکستان زندہ باد” کا نعرہ لگایا اور تمام متاثرہ خاندانوں کے لیے ہمدردی اور دعاؤں کا اظہار کیا۔ سوشل میڈیا پر حرا مانی کی یہ ویڈیو خوب وائرل ہو رہی ہے جس پر صارفین اداکارہ سے ہمدردی کا اظہار کررہے ہیں۔