کاروباری خبریں

ایف بی آر نے بے نامی جائیداد رکھنے والوں کیخلاف کارروائی شروع کردی

ایف بی آر
ایف بی آرنے بے نامی اثاثے رکھنے والوں کےخلاف کارروائیاں شروع کرتے ہوئے راولپنڈی میں 6 ہزارکینال بےنامی اراضی ضبط کرلی جب کہ کراچی میں بھی 8 پراپرٹیز ضبط کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ نہ اٹھانے والے مشکل میں پڑگئے اور ایف بی آر نے بے نامی جائیدادیں رکھنے والوں کیخلاف پہلی کارروائی کرتے ہوئے راولپنڈی میں 6 ہزارکنال اراضی ضبط کرلی، یہ اراضی ایک سیاسی شخصیت نے اپنے ملازموں کے نام پرلے رکھی تھی۔

ایف بی آر کو کراچی میں بھی 8 بے نامی پراپرٹیز ضبط کرنے کی اجازت مل گئی ہے اور ان جائیدادوں میں 2 پلاٹ بھی شامل ہیں، سیرا کوم اسٹاک اینڈ کیپیٹل کمپنی کے سمٹ بنک میں 3 کروڑ ترجیحی شیئرز بھی بے نامی اثاثوں میں شامل ہیں، رائزنگ اسٹار ہولڈنگ کے ٹھٹھہ سیمنٹ کمپنی میں 70لاکھ 53 شیئرز بھی بے نامی قرار پائے ہیں۔

اسکائی پارک ہولڈنگ کے ٹھٹھہ سیمنٹ کمپنی میں 2کروڑ26 لاکھ 44ہزار 335شیئرز بھی بے نامی نکلے، المفتاح ہولڈنگ کمپنی کے ٹھٹھہ سیمنٹ کمپنی میں2کروڑ26لاکھ شیئرز بھی کسی کے نام پر نہیں ہیں، بے نامی پراپرٹی میں پارک ویو اسٹاک اینڈ کیپیٹل کمپنی کےسمٹ بنک میں 3کروڑترجیحی شیئرز بھی شامل ہیں۔

واضح رہے حکومت کی جانب سے 31 جون کو ایمسنٹی اسکیم کی مدت ختم ہونے پر مزید 3 دن کی توسیع کی گئی تھی تاہم ایمنسٹی اسکیم کا آج آخری دن تھا جس کی مہلت ختم ہونے پر ایف بی آر نے بے نامی جائیداد رکھنے والوں کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔

Related Articles

Back to top button