پاکستانی خبریں

ملکی تاریخ میں ایسا موقع کبھی نہیں آیا جب سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان ایسی ’نتیجہ خیز شراکت داری قائم‘ ہوئی ہو جیسی اب ہے، وزیر اعظم

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں ایسا موقع کبھی نہیں آیا کہ جب ملک میں سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان ایسی ’نتیجہ خیز شراکت داری قائم‘ ہوئی ہو جیسی اب ہے۔ انہوں نے اس شراکت داری کا کریڈٹ لینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ”اس کا سہرا میری ٹیم اور فیلڈ مارشل…

اسلام آباد میں امریکی بزنس کونسل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے شرکا سے سوال کیا کہ ” وہ کون سا آخری موقع تھا جب آپ نے عسکری اور سیاسی قیادت کے درمیان کوئی انتہائی نتیجہ خیز شراکت داری قائم کی ہو؟ پاکستان کی تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا، ماضی میں ایسی کوئی شراکت داری کبھی وجود میں نہیں آئی۔”

انہوں نے مزید کہا کہ ”کاش ایسا ہوتا تو یہ ملک بہت پہلے ترقی کر چکا ہوتا اور ہم قومی مفاد کی خاطر۔۔۔باہمی تعاون، ہم آہنگی اور ایک دوسرے کے لیے لچک کا مظاہرہ کرتے ہوئے بامِ عروج چھو چکے ہوتے۔“

انہوں نے اس شراکت داری کا کریڈٹ لینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ”اس کا سہرا میری ٹیم اور فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ان کی ٹیم کے سر ہے۔“

وزیر اعظم کے مطابق ”یہ موقع ہے کہ ہم نہ صرف پاکستان کی معیشت کو مستحکم بنا سکتے ہیں، بلکہ اسے متحرک اور انتہائی تیز رفتار ترقی کی راہ پر گامزن بھی کر سکتے ہیں، چاہے وہ زراعت ہو، صنعت ہو، مصنوعی ذہانت ہو، آئی ٹی ہو، کان کنی اور معدنیات ہوں، یا معاشی ترقی کے دیگر کئی شعبے ہوں۔“

تاہم ان کا ماننا ہے کہ ”اس کے لیے خلوص، انتھک کوششیں، عوام کی بے لوث خدمت، اور اپنی پسند و ناپسند نیز ذاتی مفادات سے بالاتر ہونا ضروری ہے۔“

انہوں ںے مزید کہا کہ ’سیاسی بحران‘ اور ’مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی‘ جیسے چلینجز کا سامنا ہونے کے باوجود ’ہم سب مل کر کام کر رہے ہیں اور آگے بڑھ رہے ہیں۔‘

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ نجی شعبے کو سہولت اور مدد فراہم کرنا ہے۔ انہوں ںے شرکا سے کہا کہ ہمارا کام سرمایہ کاروں کو بیوروکریسی کی رکاوٹوں اور طویل طریقہ کار سے نجات دلانے کے لیے شفاف نظام اور شکایات کے ازالے کا مؤثر طریقہ کار وضع کرنا ہے۔

ان کے مطبق 2023 میں پاکستان کو دیوالیہ ہونے کا سنگین خطرہ درپیش تھا، تاہم اب ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر تقریباً 27 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں جبکہ مہنگائی کی شرح 32 فیصد سے کم ہو کر 11.5 فیصد اور پالیسی ریٹ 23.5 فیصد سے کم ہو کر 12 فیصد پر آ گیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ خلیجی بحران کے باوجود پاکستان میں پیٹرول پمپس پر ہنگامہ آرائی نہیں ہوئی اور حکومت نے معاشرے کے کمزور طبقوں کو تحفظ دینے کے لیے سبسڈی پروگرام بھی متعارف کرایا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نے حالیہ بجٹ میں 400 ارب روپے کے ٹیکس ریلیف دیے ہیں، جن کا مقصد برآمد کنندگان، مینوفیکچرنگ، کارپوریٹ اور تنخواہ دار طبقے کو سہولت فراہم کرکے معیشت کو مضبوط بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پائیدار ترقی کے لیے برآمدات پر مبنی معیشت کی طرف بڑھنا ہوگا۔ حکومت امریکی زرعی مصنوعات، خصوصاً سویابین کی درآمد بڑھانے کے امکانات تلاش کر رہی ہے، جبکہ پاکستانی سرجیکل آلات، کھیلوں کے سامان اور دیگر تیار شدہ مصنوعات کے لیے امریکی منڈی میں رسائی کے مواقع بھی بڑھائے جا رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ اور روایتی ایندھن سے چلنے والی گاڑیوں کی حوصلہ شکنی کی پالیسی پر کام کر رہی ہے۔ ان کے مطابق الیکٹرک گاڑیوں سے درآمدی توانائی پر انحصار کم کرنے، صنعت کو جدید بنانے اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معدنی ذخائر کی مالیت کھربوں ڈالر ہے اور ریکوڈک منصوبے پر گزشتہ 2 سے 3 برس کے دوران پہلی مرتبہ عملی کام شروع ہوا ہے۔

وزیراعظم نے نوجوانوں کو ملک کا سب سے بڑا اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں فنی اور پیشہ ورانہ تربیت، لیپ ٹاپ، آئی پیڈ اور وظائف کے ذریعے بااختیار بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں بھی ملکی معیشت کو تیزی سے بہتر بنانے کی بڑی صلاحیت موجود ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے پاکستان ورکس ڈیپارٹمنٹ اور یوٹیلیٹی اسٹورز کو ختم کرکے اخراجات اور مبینہ بدعنوانی میں کمی کے اقدامات کیے ہیں۔ ان کے مطابق رواں سال مستحق افراد کو ڈیجیٹل نظام کے ذریعے 27 ارب روپے فراہم کیے گئے۔

ایران جنگ اور پاکستان کی سفارتی کوششوں کے بارے میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ایران اور امریکا کے ساتھ رابطوں اور دوست ممالک کے تعاون سے خطے میں امن کی بحالی کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔ ان کے بقول خطے میں امن بحال ہونے کی صورت میں پاکستان کی معیشت کو تیزی سے آگے بڑھنے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے امریکی بزنس کونسل کے ارکان کو پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے اور برآمدات میں اضافے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نجی شعبے کو بااختیار بنانے اور کاروباری رکاوٹیں دور کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔

Related Articles

Back to top button