آسٹریلوی اوپنر ٹریوس ہیڈ کا آئی پی ایل سے دستبردار ہونے کا فیصلہ

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق ٹریوس ہیڈ نے مصروف بین الاقوامی شیڈول کے باعث اپنے ورک لوڈ کو کم کرنے کے لیے فرنچائز کو فیصلے سے آگاہ کردیا ہے جس کے بعد انہیں ٹیم سے ریلیز کیے جانے کی توقع ہے۔
ٹریوس ہیڈ کی عدم موجودگی سے سن رائزرز حیدرآباد کی جارحانہ اوپننگ جوڑی بھی ٹوٹ جائے گی جو ٹریوس ہیڈ اور ابھیشیک شرما پر مشتمل تھی۔
دونوں بلے بازوں نے آئی پی ایل میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 42 اننگز میں 1892 رنز بنائے جس میں چھ سنچری اور نو نصف سنچری شراکتیں شامل ہیں۔
ٹریوس ہیڈ کو 2025 کے میگا آکشن سے قبل 14 کروڑ بھارتی روپے میں برقرار رکھا گیا تھا۔ ان کی ریلیز سے حیدرآباد کو اتنی ہی رقم نیلامی کے لیے اضافی دستیاب ہونے کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کو 2027 میں ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل، ایشز سیریز اور ون ڈے ورلڈ کپ جیسے اہم مقابلوں میں شرکت کرنی ہے جس کے باعث ہیڈ نے آئی پی ایل سے وقفہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔









