پاکستانی خبریں

برآمدات میں اضافے کے لیے درمیانے و چھوٹے کاروبار کو سہولیات مہیا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار سے وابستہ برآمد کنندگان کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ایسے کاروبار کے فروغ کے لیے حکومت کی جانب سے اقدامات کی پیش رفت اور ان کے مسائل پر گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے جلد خراب ہونے والی اشیاء (Perishable Goods) کو برآمد کرنے کے لیے کولڈ اسٹوریج کا پائیدار…

وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کسی بھی ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، برآمدات میں اضافے کے لیے ایسے کاروبار کو سہولیات مہیا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، آج کی ملاقات کا سب سے اہم مقصد پاکستانی چھوٹے اور درمیانے کاروبار کرنے والوں کے لیے، ایکسپورٹ میں آسانی پیدا کرنا ہے۔ اس ضمن میں عوام میں کاروبار قائم کرنے کے حوالے سے آگاہی بڑھانے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں۔

وزیراعظم نے ڈسٹرکٹ کی سطح پر ایس ایم ای سہولت سینٹر کی منظوری دی۔ ایس ایم ای سہولت سینٹرز کے پائلٹ پراجیکٹ لاہور، پشاور، کراچی اور کوئٹہ میں قائم کرنے کی ہدایت ان سہولت سینٹرز کی کامیابی کے بعد انہیں بتدریج تمام اضلاع میں قائم کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو کاروبار قائم کرنے کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جا سکے۔

وزیراعظم نے جلد خراب ہونے والی اشیاء (Perishable Goods) کو برآمد کرنے کے لیے کولڈ اسٹوریج کا پائیدار نظام قائم کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایکسپورٹ فائنانس اسکیم میں ایس ایم ای سیکٹر اور نئے ایکسپورٹرز کے لیے 300 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، مختص کردہ رقم صرف چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (SMEs) کے لیے مخصوص ہوگی، اس ضمن میں ایگزم بنک نے سرکلر جاری کردیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی برآمدات کے فروغ اور مقامی صنعتوں کو برآمدتی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور اسمیڈا کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

وفد کے شرکاء نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو فروغ دینے کے لیے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور ایسے کاروبار کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔

وزیر اعظم نے وفد کی جانب سے دی گئی قابل عمل تجاویز پر غور کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی جو ان پر عمل درآمد کے حوالے سے وزیر اعظم کو رپورٹ پیش کرے گی۔

اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، جام کمال خان، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر، گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین ایس ای سی پی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔۔۔

Related Articles

Back to top button