ٹیکنالوجی کی خبریں

ایپل کے نئے فون آئی فون ائیر 2 اور اسٹینڈرڈ آئی فون 18 کی پہلی جھلک سامنے آگئی

ایپل کی جانب سے آئی فون ائیر 2 اور اسٹینڈرڈ آئی فون 18 کو جلد متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ دونوں فونز کے حوالے سے لیکس کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے، حالانکہ ایپل کی جانب سے ابھی تک باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔

اب ایک نئی لیک ویڈیو میں آئی فون ائیر 2 اور آئی فون 18 کے ڈیزائنز سامنے آئے ہیں۔

دونوں فونز کے ڈمی ماڈلز پر مبنی فوٹوز کو ایکس (ٹوئٹر کا نیا نام) پر جاری کیا گیا۔

یہ دونوں دھاتی ڈمی ماڈلز ان لیکس سے مطابقت رکھتے ہیں جو ان دونوں فونز کے حوالے سے اب تک سامنے آئی ہیں۔

آئی فون ائیر 2 کے ڈمی یونٹ سے عندیہ ملتا ہے کہ ایپل کی جانب سے اسے اوریجنل فون کی طرح پتلا ہی رکھا جائے گا۔

اس کے فرنٹ ڈسپلے میں تو کوئی تبدیلیاں نہیں کی جا رہی ہیں مگر بیک پر کیمرا سیٹ اپ ضرور بدلا جا رہا ہے۔

اب فلیٹ کیمرا سیٹ اپ کی بجائے بیک پر ذرا موٹا کیمرا سیٹ اپ ہوگا جبکہ سنگل کی بجائے 2 کیمرے وہاں موجود ہوں گے۔

اس سے قبل ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ آئی فون ائیر 2 میں ایپل کی اے 20 سیریز چپ سیٹ کو دیا جائے گا۔

یہی چپ سیٹ کمپنی کی جانب سے آئی فون 18 پرو ماڈلز اور آئی فون ڈو میں استعمال کیا گیا ہے۔

اگر یہ رپورٹ درست ہے تو نیا آئی فون ائیر 2 گزشتہ سال کے آئی فون ائیر کے مقابلے میں زیادہ طاقتور ہوگا جس میں اے 19 پرو پراسیسر استعمال کیا گیا تھا۔

اوریجنل آئی فون ائیر میں بیک پر صرف ایک 48 میگا پکسل کا کیمرا موجود تھا۔

مگر اسی رپورٹ میں بتایا گیا کہ آئی فون ائیر 2 میں کمپنی کی جانب سے بیک پر ڈوئل کیمرا سیٹ اپ دیا جائے گا۔

مین کیمرا بدستور 48 میگا پکسل کا ہوگا جس کے ساتھ 48 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا دیا جائے گا۔

تیسری تبدیلی بیٹری سے متعلق ہے جس کو زیادہ بڑا کیا جا رہا ہے۔

اوریجنل آئی فون ائیر میں 3149 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی تھی مگر آئی فون ائیر 2 میں زیادہ بڑی بیٹری دی جائے گی۔

آئی فون 18 کے ڈمی یونٹ سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ لگ بھگ آئی فون 17 جیسا ہی ہوگا۔

اس کے بارے میں مختلف لیکس میں بتایا گیا تھا کہ آئی فون 18 میں اے 20 چپ اور ایپل سی 2 موڈیم موجود ہوگا جبکہ اس کی قیمت 899 ڈالرز سے شروع ہوگی، جو کہ آئی فون 17 کے مقابلے میں 100 ڈالرز زیادہ ہوگی۔

ایپل کے لیے اسٹینڈرڈ آئی فون ماڈل بہت اہم ہوتا ہے کیونکہ اس وقت بھی آئی فون 17 دنیا میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والا فون ہے۔

واضح رہے کہ 2026 میں ایپل کی جانب سے آئی فونز متعارف کرانے کے طریقہ کار کو بدلا گیا۔

ستمبر 2026 میں آئی فون 18 پرو، 18 پرو میکس اور پہلے فولڈ ایبل آئی فون ڈو کو پیش کیا گیا۔

ان دونوں نئے آئی فونز کو مارچ یا اپریل 2027 میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

Related Articles

Back to top button