بین الاقوامی

امریکا میں مڈٹرم الیکشن کیلئے ووٹنگ کا سلسلہ جاری، ٹرمپ کی مقبولیت کی شرح کم ترین سطح کے قریب

مختلف سرویز کے مطابق ڈیمو کریٹس کو ایوان نمائندگان میں برتری ملنےکا امکان ہے جب کہ سینیٹ کا کنٹرول غیر یقینی ہے اور سینیٹ کی7 اہم نشستوں پر سخت مقابلے کی توقع ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کی مقبولیت کی شرح اپنی کم ترین سطح کے قریب ہے۔ ایران کے ساتھ جنگ، ایندھن کی بڑھتی قیمتیں اور مہنگائی ٹرمپ کی مقبولیت میں کمی کی اہم وجوہات ہیں۔

ڈیموکریٹس کو ایوان نمائندگان میں اکثریت کے لیے 3 اور سینیٹ میں 4 نشستیں حاصل کرنا ہوں گی۔ ڈیموکریٹس کامیابی کی صورت میں ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف تحقیقات اور صدر کی اہم نامزدگیوں کو روکنےکا اختیار حاصل کرسکتے ہیں۔

دوسری جنگ عظیم کے بعد ہونے والے مڈٹرم الیکشن کی تاریخ بھی صدر کی جماعت کے حق میں نہیں رہی۔ اس عرصے میں صرف 2 انتخابات کے سوا باقی تمام مواقع پر حکمران جماعت نے کانگریس میں اپنی نشستیں کھوئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق امریکی مڈٹرم الیکشن اب تک کے مہنگے ترین مڈٹرم الیکشن ہوسکتے ہیں۔

سیاسی اخراجات پر نظر رکھنے والے ادارے اوپن سیکرٹس کے مطابق اندازہ ہےکہ رواں مڈٹرم الیکشن کے اخراجات تقریباً 12 ارب ڈالر ہوسکتے ہیں۔ اوپن سیکرٹس کے مطابق ڈیموکریٹس کی طرف سے ان انتخابات پر ساڑھے 5 ارب ڈالر اور ریپبلکنز کی جانب سے سوا 5 ارب ڈالر خرچ کیے جانے کا تخمینہ ہے، جب کہ آزاد امیدوار تقریباً سوا ارب ڈالر خرچ کرسکتے ہیں۔ 2022 کے مڈٹرم پر تقریباً 9 ارب ڈالر خرچ کیے گئے تھے۔

Related Articles

Back to top button