پاکستانی خبریں

مکہ الائنس فار ڈیفنس کا کردار خطے میں پائیدار امن کے فروغ میں اہم ہے، اسحاق ڈار

وزیر خارجہ و نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ خطے میں پائیدار امن کے فروغ میں مکہ الائنس فار ڈیفنس کا کردار اہم ہے۔پاکستان علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ میں اگست 2026 میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے جس کا بنیادی مقصد تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانا اور باہمی سلامتی کے انتظامات کو ادارہ جاتی شکل دینا ہے۔

اس سلسلے میں حکومت پاکستان نے23 ستمبر 2026 کو لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نعمان محمود، ہلال امتیاز (ملٹری) کو مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا پہلا سیکرٹری جنرل مقرر کیا تھا جس کا جنرل سیکرٹریٹ ریاض میں قائم ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے ایکس پر جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے مکہ الائنس فار ڈیفنس کے پہلے سیکریٹری جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود کی ملاقات ہوئی، اس موقع پر اسحاق ڈار نے نعمان محمود کو مکہ الائنس فار ڈیفنس کا سیکریٹری جنرل مقرر ہونے پر مبارکباد پیش کی ۔

 نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود کے لیے نئی ذمہ داریوں میں کامیابی کی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے،خطے میں پائیدار امن کے فروغ میں مکہ الائنس فار ڈیفنس کا کردار اہم ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نعمان محمود کون ہیں؟

لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نعمان محمود پاکستان آرمی سے تعلق رکھتے ہیں اور انہیں 1987 میں پاکستان ملٹری اکیڈمی سے تربیت مکمل کرنے کے بعد انفنٹری بٹالین میں کمیشن ملا، ان کا تعلق بلوچ رجمنٹ سے ہے جبکہ انہوں نے وار اسٹڈیز میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

نعمان محمود نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ، کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج قاہرہ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے بھی تعلیم حاصل کی۔

فوجی کیریئر کے دوران انہوں نے جنوبی وزیرستان میں پیرا بریگیڈ اور کشمیر میں انفنٹری بریگیڈ کی کمانڈ کی جبکہ ہیڈکوارٹرز 11 کور میں چیف آف اسٹاف اور کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں چیف انسٹرکٹر کے فرائض بھی انجام دیے۔

میجر جنرل کے عہدے پر انہوں نے شمالی وزیرستان میں 7 انفنٹری ڈویژن کی کمانڈ کی اور انٹر سروسز انٹیلی جنس کے اینالیسس ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر جنرل بھی رہے۔

اپریل 2019 میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی کے بعد نعمان محمود نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں انسپکٹر جنرل کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی برانچ کے طور پر خدمات انجام دیں۔

دسمبر 2019 میں انہیں پشاور میں قائم 11 کور کا کمانڈر مقرر کیا گیا جبکہ نومبر 2021 سے اپریل 2023 میں ریٹائرمنٹ تک وہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر بھی رہے، وہ شمالی وزیرستان میں انفنٹری ڈویژن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ بھی رہ چکے ہیں اور آپریشن ضربِ عضب میں حصہ لے چکے ہیں۔

Related Articles

Back to top button