طالبان حکومت افغان سرزمین پاکستان پرحملوں کیلئے استعمال ہونے سے روکنے کی ذمہ دار ہے: دفتر خارجہ

ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ پاکستان کی انسداد دہشتگردی کارروائیوں میں شہری ہلاکتوں کے الزامات بے بنیاد ہیں، گمراہ کن بیانیے افغان سرزمین سے سرگرم دہشتگرد نیٹ ورکس کا خطرہ نہیں چھپا سکتے، طالبان حکومت افغان سرزمین پاکستان پرحملوں کیلئے استعمال ہونے سے روکنے کی ذمہ دار ہے۔
ترجمان نے کہا کہ یو این مانیٹرنگ رپورٹس بھی طالبان حکومت کے دہشتگرد تنظیموں کوپناہ دینے پر اظہارتشویش کرتی ہیں، طالبان حکومت ٹی ٹی پی، فتنۃ الخوارج، بی ایل اے فتنی الہندوستان سمیت دہشتگردتنظیموں کوپناہ دے رہی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغان سرزمین سے منصوبہ بندی، مالی معاونت سے ہوئے دہشتگرد حملوں میں ہزاروں پاکستانی شہید ہوئے، پاکستان اپنے شہریوں اور سکیورٹی فورسز پر مسلسل حملوں کے سامنے خاموش نہیں رہ سکتا، پاکستان کی کارروائیاں حق دفاع کے تحت اور آخری چارہ کار کے طور پر کی گئیں، پاکستانی کارروائیاں افغانستان میں صرف دہشتگردوں اور ان کے لاجسٹک مراکزپرکی گئیں۔
ترجمان نےمزید کہا کہ پاکستان نے خطرے کے تناسب سے جوابی کارروائی کی اور احتیاط وامتیاز کے اصولوں کی پابندی کی، عالمی برادری افغان طالبان حکومت کویو این سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کا پابند بنائے،افغان سرزمین کو دہشتگردی کیلئے استعمال ہونے سے روکنا افغان طالبان حکومت کی ذمہ داری ہے، پاکستان اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت، شہریوں کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات کا حق محفوظ رکھتا ہے۔









