واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کو ساؤنڈ اسٹیکرز تیار کرنے کی سہولت فراہم

ویسے تو میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ میں متعدد اقسام کے اسٹیکر پیکس موجود ہیں، مگر اس کے ساتھ ساتھ صارفین تصاویر اور ویڈیوز سے بھی اپنے اسٹیکرز تیار کرسکتے ہیں۔
مگر اب واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کو ساؤنڈ اسٹیکرز تیار کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ واٹس ایپ کے نئے بیٹا (beta) ورژن میں یہ فیچر نظر آیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس فیچر سے صارفین ساؤنڈ اسٹیکرز تیار کرکے سینڈ کرسکیں گے۔
آپ تصاویر یا ویڈیوز سے بھی ساؤنڈ اسٹیکرز تیار کرسکتے ہیں۔
جب آپ کسی تصویر کو اسٹیکر بنانے کے لیے استعمال کرسکیں تو آپ کو ٹول بار میں ایک نیا ساؤنڈ ویو آئیکون نظر آئے گا۔
اس آئیکون پر کلک کرنے کے بعد آپ فون اسٹوریج میں موجود آڈیو فائل یا اپنی آواز کو ریکارڈ کرکے اسٹیکر تیار کرسکیں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک اسٹیکر میں آپ 10 سیکنڈ کی آڈیو ریکارڈ کرسکیں گے۔
جب آپ اسے واٹس ایپ میں سینڈ کریں گے تو والیوم آئیکون نظر آئے گا جس پر کلک کرنے پر آڈیو ساؤنڈ پلے ہوگا۔
اسی طرح جب آپ ویڈیوز سے انیمیٹڈ اسٹیکر تیار کریں گے تو واٹس ایپ کی جانب سے خودکار طور پر ویڈیو فائل میں 5 سیکنڈ کی آڈیو کو شامل کر دیا جائے گا، جبکہ آپ اسے کسی اور آڈیو فائل یا اپنی آواز سے بھی بدل سکیں گے۔









