ٹیکنالوجی کی خبریں

پاکستان میں موبائل فون کی مینوفیکچرنگ کیلئے چین کےساتھ معاہدہ طے

 پاکستان میں موبائل فون کی مینوفیکچرنگ کیلئے چین کےساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے۔

لاہور میں دو چینی کمپنیوں کے مابین اشتراک کار کا معاہدہ طے ہوا۔ چینی کمپنیاں فیصل آباد میں اسمارٹ فون کی مینوفیکچرنگ کا پلانٹ لگائیں گی۔

ابتدائی طور پرچینی کمپنیاں منصوبے میں 10 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گی۔ صوبائی وزیر اسلم اقبال نے بتایا کہ مینوفیکچرنگ پلانٹ سے موبائل فون مقامی سطح پر ہی تیار ہوں گے۔

انہوں نے چینی کمپنیوں کے اشتراک سے ا سمارٹ فون کے مینو فیکچرنگ پلانٹ منصوبے کا خیر مقدم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے باعث ملکی وغیر ملکی سرمایہ کار پنجاب کا رخ کررہے ہیں۔

انجینیئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ (ای ڈی بی)فروری2020 میں موبائل ڈیوائس کی مینوفیکچرنگ پالیسی کی منظوری دی تھی۔ پالیسی سے مقامی سرمایہ کاری اور غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔

مقامی سطح پر موبائل کی مینوفیکچرنگ سے ملک میں تقریباً 2 لاکھ روزگار پیدا ہوں گے اور ملک عالمی سطح پر سپلائی چین کا حصہ بن سکے گا۔ عالمی مارکیٹوں میں ‘میڈ ان پاکستان’ کا برانڈ بھی فروغ پائے گا۔

ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں سالانہ 3 کروڑ 40 لاکھ موبائل فونز فروخت ہوتے ہیں۔ مقامی سطح پر موبائل فون کی تیاری کے بعد پاکستان میں کم قیمت پر اسمارٹ فون کی دستیابی ممکن ہوسکے گی۔

Related Articles

Back to top button