ٹیکنالوجی کی خبریں

واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کردیا

واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرادیا ہے جو کسی بھی چیٹ کو ہمیشہ کے لیے ‘خاموش’ کرسکے گا۔

یہ فیچر ایسے صارفین کے لیے کارآمد ہوگا جو اسپام میسجز کی بھرمار کرنے والے افراد یا گروپس سے تنگ رہتے ہیں۔

آل ویز میوٹ نامی اس فیچر پر گزشتہ کئی ماہ سے کام ہورہا تھا اور اب اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرا دیا گیا ہے۔

 اس فیچر کی مدد سے صارفین کسی بھی کانٹیکٹ یا گروپ کے نوٹیفکیشن کو ہمیشہ کے لیے میوٹ کرسکیں گے۔

اس سے پہلے واٹس ایپ کی جانب سے کسی گروپ یا کانٹیکٹ کے مسلسل نوٹیفکیشن سے پریشان صارفین کو میوٹ کے 3 آپشنز دیئے جاتے تھے ، جن کی مدد سے نوٹیفکیشن کو 8 گھنٹے، ایک ہفتے یا ایک سال کے لیے میوٹ کیا جاسکتا تھا۔

مگر اب کسی بھی چیٹ کو ہمیشہ کے لیے میوٹ کرنا ممکن ہے۔

ایک ٹوئٹ میں واٹس ایپ نے اس نئے فیچر کو متعارف کرانے کا اعلان کیا، جس کا واضح مقصد صارفین میں یہ احساس بڑھانا ہے کہ انہیں اپنے پیغامات بھیجتے ہوئے محتاط رہنا چاہیے ورنہ ان کا دوست یا جاننے والا اسے ہمیشہ کے لیے میوٹ کرسکتا ہے۔

 

اس نئے فیچر میں ایک سال کے آپشن کی جگہ ہمیشہ یا آل ویز نے لے لی ہے۔

اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے واٹس اوپن کرکے مطلوبہ چیٹ کو کچھ دیر تک دبا کر رکھنا ہوگا جس کے بعد اوپر بار میں میوٹ آئیکون کو سلیکٹ کرنا ہوگا۔

ایسا کرنے پر 8 گھنٹے، ایک ہفتہ اور آل ویز کے آپشنز نظر آئیں گے، جس میں سے اپنی پسند کا انتخاب کرکے اوکے کو کلک کرنا ہوگا۔

ایسا کرنے کے بعد اس مخصوص چیٹ کے نوٹیفکیشنز ہمیشہ کے لیے میوٹ کیے جاسکیں گے۔

تاہم صارف اگر بحال کرنا چاہے تو اس چیٹ کو دوبارہ کچھ دیر دبا کر ان میو یا اسپیکر آئیکون پر کلک کرنا ہوگا۔

ویسے اگر آپ لوگوں کی جانب سے واٹس ایپ گروپس میں ایڈ کیے جانے پر پریشان ہیں تو گروپ پرائیویسی سیٹنگز میں ایک فیچر کو ان ایبل کرکے طے کرسکتے ہیں کہ صرف مخصوص افراد ہی کسی نئے گروپ میں آپ کو ایڈ کرسکیں۔

اس فیچر کو ان ایبل کرنے پر صارفین کو کسی گروپ کے لیے دعوت نامہ ملے گا اور انہیں براہ راست ایڈ کرنا ممکن نہیں ہوگا۔

اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے واٹس ایپ اوپن کرکے سیٹنگز میں جائیں، وہاں اکاؤنٹ اور پھر پرائیویسی آپشن میں گروپس میں جائیں اور وہاں ایوری ون، مائی کانٹیکٹس یا مائی کانٹیکٹس ایکسیپٹ میں سے کسی ایک آپشن کا انتخاب کریں۔

Related Articles

Back to top button