ٹیکنالوجی کی خبریں

نیٹ فلیکس کا پاکستانی ورژن لانچ کرنے کے لیے تیار ہیں: وزیر سائنس و ٹیکنالوجی

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ حکومت پاکستان، اسٹریمنگ ویب سائٹ نیٹ فلیکس کا پاکستانی ورژن لانچ کرنے کے لیے تیار ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ٹوئٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ ’ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی میں ہم پاکستان کی پہلی او ٹی ٹی ٹیلی ویژن (نیٹ فلیکس کا پاکستانی ورژن ) لانچ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں‘۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اس ضمن میں ٹیکنالوجی کا کام مکمل ہوچکا ہے اور ہم نے پاکستان الیکٹرنک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) سے کہا ہے کہ وہ مواد سے متعلق ہدایات تیار کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اور اس کے ساتھ میں ہم پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اسے لانچ کریں گے۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری کے مذکورہ اعلان پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستانی فلم سازوں اور اداکاروں کی جانب سے بارہا ایک مقامی اور سرکاری سطح او ٹی ٹی پلیٹ فارم کی ضرورت پر زور دیا جارہا ہے۔

پاکستان میں صارفین کو نیٹ فلیکس، آئی فلیکس سمیت دیگر اسٹریمنگ ویب سائٹس پر رسائی حاصل ہے اور یوٹیوب سمیت مختف اسٹریمنگ ویب سائٹس مختلف آن لائن سیریز بھی جاری کی جارہی ہیں۔

تاہم پاکستان میں اب تک کوئی ایسا آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم موجود نہیں تھا جو مقامی سطح پر پیش کیا گیا ہو۔

یہاں یہ بات بھی مدنظر رہے کہ پاکستان کی 5 اوریجنل آن لائن سیریز کو بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ زی فائیو پر ریلیز ہوں گی جن میں سے ایک ‘چڑیلز’ کو اگست میں ریلیز کیا گیا تھا۔

غیرملکی ویب پلیٹ فارم پاکستان کی پہلی اوریجنل ویب سیریز ریلیز ہونےپر اکثر افراد کی جانب سے اسی طرح کے پلیٹ فارم کی ضرورت پر زور دیا گیا تھا۔

پاکستان کی پہلی حکومتی اسٹریمنگ ویب سائٹ کب شروع ہوگی اور اس پر نشر ہونے والے مواد سے متعلق تاحال کچھ بتایا نہیں گیا۔

Related Articles

Back to top button