آئی فون 12 کیسا اور کتنے کا ہوگا؟ خفیہ معلومات سامنے آگئی

نئے آئی فون کے بارے میں خفیہ معلومات کا سلسلہ جاری ہے جس کو متوقع طور پر آئی فون 12 کہا جائے گا، اس آئی فونز کے 4 ماڈلز متعارف کرائے جائیں گے۔

ایپل کی تعارفی تقریب 13 اکتوبر کو ہونی ہے مگر ٹیکنالوجی ویب سائٹ دی ورج کے مطابق چینی سوشل میڈیا سائٹ ویبو پر نئی لیک میں بتایا گیا ہے کہ اس موقع پر آئی فونز کے 4 ماڈلز متعارف کرائے جائیں گے، جن کی قیمتیں 699 ڈالر سے 1099 ڈالرز تک ہوں گی۔

رپورٹ کے مطابق آئی فون 12 منی میں 5.4 انچ ڈسپلے ہوگا جس کی قیمت 699 ڈالرز (ایک لاکھ 14 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوگی جو پری آرڈر میں 6 یا 7 نومبر جبکہ ریٹیل میں 13 یا 14 نومبر کو دستیاب ہوگا۔

6.1انچ کے آئی فون12 کی قیمت799 ڈالرز (ایک لاکھ 30 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوگی جبکہ یہ پری آرڈر میں16یا 17 اکتوبر جبکہ ریٹیل میں 23 یا 24 اکتوبر کو دستیاب ہوگا۔یہ دونوں ماڈلز 64 جی بی سے 256 جی بی اسٹوریج آپشنز میں دستیاب ہوں گے اور قیمتیں اسٹوریج کے لحاظ سے مختلف ہوں گی۔

فلیگ شپ آئی فون 12 پرو میں 6.1 انچ کا ڈسپلے ہوگا جبکہ اس کی قیمت 999 ڈالرز (ایک لاکھ 63 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) ہوگی اور اس میں ایک ٹیلی فوٹو کیمرا ہوگا جو4ایکس زوم اور ڈیپتھ ٹریکنگ کے لیے لیڈار سنسر کے ساتھ ہوگا۔

اس فون کے پری آرڈر 16 یا 17 اکتوبر سے شروع ہوں گے جبکہ ریٹیل میں 23 یا 24 اکتوبر میں دستیاب ہوگا۔6.7 انچ ڈسپلے کے آئی فون پرو میکس کی قیمت 1099 ڈالرز (ایک لاکھ80ہزار پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوگی جبکہ اس میں لیڈار سنسر اور 5 ایکس آٹپیکل زوم والا ٹیلی فوٹو کیمرا ہوگا۔

اس کے پری آرڈر 13 یا 14 نومبر سے شروع ہوں گے جبکہ اس کی ریلیز ڈیٹ 20 یا 21 نومبر ہوگی۔ ان دونوں ماڈلز میں 128 سے 512 جی بی اسٹوریج کے آپشنز دیئے جائیں گے۔

خیال رہے کہ کمپنی کی جانب سے آئی فون 12 سیریز کے فونز کی تاریخ رونمائی کا اعلان کیا گیا تھا، ایپل کی جانب سے عام طور پر نئے آئی فونز ستمبر کے وسط میں متعارف کرائے جاتے ہیں مگر رواں سال کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے وہ تاخیر کا شکار ہوچکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں