ٹیکنالوجی کی خبریں

کورونا کرفیو: میڈیکل ایمرجنسی کے لیے حکومت نے موبائل ایپ متعارف کروادی

سعودی عرب کے محکمہ صحت اور ہلال احمر نے عوام کے لیے موبائل ایپ متعارف کرادی جس کی مدد سے شہری میڈیکل ایمرجنسی کی صورت میں کرفیو کے دوران بھی گھر سے باہر نکل سکیں گے۔

سعودی گیزیٹ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے ہلال احمر اور محکمہ صحت کے مشترکہ تعاون سے ’ہنگامی حالات‘ کے لیے ’توکلنا‘ نامی موبائل ایپ متعارف کرائی گئی ہے۔

اس ایپ کی مدد سے صارف کو کرفیو میں گھر سے باہر نکلنے کی مدد ملے گی۔

ایپ کے ذریعے صارف کو آگاہ کرنا ہوگا کہ اُسے ایمرجنسی ہے جس کے بعد متعلقہ محکمے کی جانب سے اُسے موبائل پر ایک پیغام موصول ہوگا ، جس کے بعد اسے کرفیو میں نکلنے کی اجازت ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق صارف کو کم از کم آدھے گھنٹے قبل اطلاع دینا ضروری ہوگی، جس کے بعد اُسے صورت حال کو دیکھتے ہوئے کرفیو میں نکلنے کا اجازت نامہ دیا جائے گا۔

محکمہ صحت کی جانب سے جاری کیا جانے والا اجازت نامہ صرف میڈیکل ایمرجنسی کی صورت میں ایک بار ہی استعمال کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق مریض کے ساتھ گھر کے ایک فرد کو جانے کی اجازت ہوگی، علاوہ ازیں متاثرہ شخص کو گھر سے اسپتال منتقل کیا جاسکے گا۔

دوسری جانب سعودی عرب کے محکمہ صحت نے مملکت میں 214 ایسے کلینک تیار کرلیے ہیں جہاں 24 گھنٹے کرونا کے مریضوں کا علاج کیا جائے گا۔

Related Articles

Back to top button