ٹیکنالوجی کی خبریں

کورونا جیسے عالمی بحران میں بھی ایمازون کے مالک نے 24 ارب ڈالر کیسے کمالیے؟

کورونا وائرس کے باعث جہاں دنیا بھر کی معیشت زبوں حالی کا شکار ہے اور کاروباری سرگرمیاں منجمد ہوکر رہ گئی ہیں وہیں آن لائن خریدو فروخت کی عالمی شہرت یافتہ امریکی کمپنی ایمازون کے مالک جیف بیزوس نےحالیہ بحران کے دوران اپنے اثاثوں میں 24ارب ڈالر کا اضافہ کرلیا ہے۔

خیال رہے کہ معروف امریکی جریدے فوربز نے حال ہی میں سال 2020 کے امیر ترین افراد کی فہرست جاری کی تھی جس میں ایمازون کے سربراہ مسلسل تیسری بار دنیا کے ارب پتی افراد کی فہرست میں پہلے نمبر پر موجود تھے۔

اب معیشت کے حوالے سے معروف نشریاتی ادارے بلوم برگ نے ارب پتی افراد کی رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق جیف بیزوس نے حالیہ کورونا بحران کے دوران بھی 24 ارب ڈالر کمائے ہیں اور ان کے اثاثوں کی مالیت 138 ارب ڈالر ہوچکی ہے۔

بلوم برگ کے مطابق جیف بیزوس دولت کے لحاظ سے 138 ارب ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہیں اور ان کے بعد دوسرا نمبر ان کے حریف بل گیٹس کا ہے جو کہ 105 ارب ڈالر کے ساتھ ان سے کہیں پیچھے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں آن لائن خریدوفروخت میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جس کے باعث ایمازون نے بھی اربوں ڈالر کمائے ہیں اور اس کے شیئرز کی قیمت حالیہ بحران کے عرصے میں بھی 5.3 فیصد بڑھ گئی ہے۔

خریدو فروخت میں اضافے کے باعث ایمازون نے ہزاروں نئے افراد کو بھرتی کیا ہے تاہم اس پر ملازمین کو کورونا سے محفوظ کرنے لیے ناکافی اقدامت پر تنقید بھی کی جارہی ہے اور اس کے متعدد ملازمین بھی وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

Related Articles

Back to top button