ٹیکنالوجی کی خبریں

دنیا بھر میں گوگل کی اپیلیکیشن ‘جی میل’ کے صارفین کے لیے بُری خبرآگئی

دنیا بھر میں ای میل سروس فراہم کرنے والی گوگل کی اپیلیکیشن ’جی میل‘ کا سسٹم نے پراسرار طور پر کام کرنا چھوڑ دیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں جی میل استعمال کرنے والے صارفین کو ای میل بھیجنے میں مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ سسٹم نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سسٹم کی خرابی کے باعث صارفین اپنی ای میلز بھیج نہیں پارہے جبکہ چند صارفین کو لاگ ان میں بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

گوگل کے ہزاروں صارفین نے سسٹم متاثر ہونے کی شکایت درج کرائی۔ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ اگر تکنیکی خرابی کو جلد دور نہیں کیا گیا تو لاکھوں صارفین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق لندن میں مقامی وقت کے مطابق دوپہر تین بج کر 20 منٹ اور امریکا میں صبح 10 بج کر 20 منٹ پر جی میل کے سسٹم میں خرابی پیدا ہوئی۔

دنیا بھر میں انٹرنیٹ سروس پر نظر رکھنے والی کمپنی کے ماہرین کے مطابق انہیں ہزاروں صارفین کے پیغامات موصول ہوئے جس میں انہوں نے خرابی کے حوالے سے آگاہ کیا، اس کا مطلب ہے کہ جی میل کے سسٹم میں کوئی بڑا مسئلہ ہوا ہے۔

امریکا، یورپ، برطانیہ کے صارفین کو بھی ای میل بھیجنے اور موصول کرنے میں پریشانی کا سامنا ہے۔ گوگل کی جانب سے سروس متاثر ہونے کے حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

Related Articles

Back to top button