ٹیکنالوجی کی خبریں

واٹس ایپ نے صارفین کو بڑا جھٹکا دے دیا، نئی پابندی عائد کر دی مگر کیوں؟ وجہ سامنے آگئی

واٹس ایپ میں پیغامات فارورڈ کرنے کے حوالے سے نئی پابندیاں عائد کی گئی ہیں، جس کا مقصد جعلی وائرل افواہوں کو پھیلنے سے روکنا ہے، صارفین محدود لوگوں کو پیغامات دے سکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے ساتھ سوشل میڈیا پر اس کے حوالے سے جعلی خبروں اور غلط معلومات کی فراہمی کو روکنے کیلئے واٹس ایپ انتظامیہ نے صارفین پر ایک نئی پابندی لگانے کا اعلان کیا ہے۔

دنیا بھر میں تمام صارفین کو آگاہ کیا گیا ہے کہ اب صرف محدود افراد تک پیغامات بیک وقت فارورڈ کیے جاسکتے ہیں، اگر کسی صارف کو بہت زیادہ فارورڈ ہونے والا میسج، یعنی ایسا میسج جو 5 بار سے زیادہ فارورڈ ہوچکا ہو، تو اس نئی پابندی کے تحت صارف اسے آگے مزید 5 چیٹس کی بجائے صرف ایک چیٹ کو فارورڈ کرسکے گا۔

اس سے پہلے اس میسجنگ اپلیکشن میں صارفین جتنے مرضی افراد اور گروپس کو چاہیں، پیغامات بیک وقت فارورڈ کرسکتے تھے تاہم اب ایسا نہیں ہوسکے گا۔

واٹس ایپ نے گزشتہ روز ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ آج سے ہم ایک ٹیسٹ شروع کررہے ہیں جس کے تحت فارورڈنگ کو محدود کردیا جائے گا اور اس کا اطلاق واٹس ایپ استعمال کرنے والے ہر صارف پر ہوگا۔

واٹس ایپ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے واٹس ایپ کے استعمال کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور لوگوں کی جانب سے بہت زیادہ تعداد میں پیغامات کو فارورڈ کیا جارہا ہے، جس سے غلط اطلاعات پھیلنے کا عمل بھی تیز ہوا۔

گزشتہ 3 ہفتوں کے دوران واٹس ایپ کی جانب سے جعلی افواہوں کو پھیلنے سے روکنے کے لیے تیسرا بڑا اقدام ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے ساتھ سوشل میڈیا پر اس کے حوالے سے جعلی خبروں اور غلط معلومات بھی بہت زیادہ شیئر کی جارہی ہے، جس کی روک تھام کے لیے ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں۔

Related Articles

Back to top button