ٹیکنالوجی کی خبریں

واٹس ایپ سے خبردار رہیں،ایمرجنسی کے نام پر بھاری رقوم اینٹھنے والا گروہ سرگرم

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی واٹس ایپ پروفائل ہیک کرکے پاکستان میں ان کے عزیز و اقارب سے ایمرجنسی کے نام پر بھاری رقوم اینٹھنے والا گروہ سرگرم ہوگیا۔

آئے روز فراڈ اور جرائم کی ایسی ایسی داستانیں رقم ہوتی ہیں کہ بندہ پریشان ہو جاتا ہے۔ٹیکنالوجی نے جہاں انسان کے لیے آسانی پیدا کی ہے وہاں مصیبت کے پہاڑ بھی کھڑے کردیے ہیں۔اب واٹس ایپ کی مثال ہی لے لیں اس سے آپ دیار غیر میں بستے اپنوں سے ویڈیو کال کرتے اور خوش ہوتے ہیں مگر انہی اپنوں کی تصاویر چوری کر کے جب فراڈیے چونا لگاتے ہیں توسارا غصہ واٹس ایپ پر ہی نکلتا ہے۔ملزمان مختلف بینکوں اور موبائل فون اکاؤنٹس کے ذریعے شہریوں سے دھوکا کررہے ہیں اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو اس سلسلے میں کافی شکایات موصول ہورہی ہیں۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ سلطان خواجہ کے مطابق تازہ ترین واقعہ کراچی کے علاقے ڈیفنس کے رہائشی طارق فواد خواجہ کے ساتھ پیش آیا۔

طارق خواجہ کے مطابق کسی شخص نے ان کے امریکا میں مقیم کزن احمد اعجاز کی واٹس ایپ پروفائل تصویر لگائی اور انہیں امریکا کے نمبر سے واٹس ایپ پر پیغام بھیجا کہ وہ کال نہیں کرسکتے میسج پر بات کریں۔واٹس ایپ پیغام میں مزید کہا گیا کہ وہ کسی مصیبت میں پھنس گئے ہیں لہٰذا فوری طور پران کیلئے دو لاکھ پاکستانی روپے بینک اکاؤنٹ میں بھیج دیں تاکہ وہ مصیبت سے چھٹکارہ حاصل کرسکیں۔

طارق خواجہ کے مطابق وہ فون کال کرکے احمد اعجاز کو درپیش صورتحال کی تصدیق کرنا چاہ رہے تھے کہ لاہور سے ان کی والدہ نے فون کرکے تصدیق کی کہ احمد اعجاز نے انہیں بھی میسج بھیجا ہے اور وہ واقعی کسی مصیبت میں ہیں انہیں فوری طور پر پیسے بھیج دیں۔طارق خواجہ کے مطابق انہوں نے میسج لکھ کر استفسار کیا کہ رقم کس اکاؤنٹ میں منتقل کرنی ہے۔ جواب میں نجی بینک کا اکاؤنٹ نمبر فراہم کیا گیا لیکن آن لائن خلل کی وجہ سے اس کھاتے میں رقم ٹرانسفر نہیں کی جاسکی تو مذکورہ شخص نے ایک اور بینک کا اکاؤنٹ نمبر دیا۔

طارق خواجہ کے مطابق انہوں نے فوری طور پر 2 لاکھ روپے مذکورہ اکاؤنٹ میں منتقل کردیے۔طارق خواجہ نے بتایا کہ تھوڑی دیر بعد مذکورہ شخص نے مزید ایک لاکھ روپیہ بھیجنے کا کہا تو انہیں تشویش ہوئی اس دوران انہوں نے اپنے دیگر رشتے داروں سے تذکرہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ کوئی نوسرباز اعجاز کی واٹس ایپ کی پروفائل کی تصویر کا استعمال کرتے ہوئے پیسے بٹوررہا ہے اس لیے آپ رقم اس کے اکاؤنٹ میں منتقل نہ کریں۔
طارق خواجہ کے مطابق ان کے خالہ زاد بھائی عبدالحمید نے بھی اسی ہمدردی کے جذبے کا شکار ہوکر اسی بینک اکاؤنٹ میں 2 لاکھ روپے منتقل کردیے تھے تاہم انہوں نے اپنے بینک سے رابطہ کرکے رقم کی منتقلی روک دی اور پیسے واپس اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کرالیے۔نوسرباز کی اصل حقیقت سامنے آنے کے بعد طارق خواجہ نے بھی رات 11 بجے اپنے بینک میں شکایت درج کرائی اور رقم واپس حاصل کرنے کی کوشش کی مگر انہیں بتایا گیا کہ جس اکاؤنٹ میں پیسے منتقل کیے گئے ہیں اکاؤنٹ ہولڈرنے فوری طور پر پیسے نکلوالیے ہیں۔یوں ایک سادہ شہری ایک فراڈییکے ہتھے چڑھ کر لاکھوں روپے سے ہاتھ دھو بیٹھا ہے۔تاہم ایف آئی اے حکام نے اس کیس کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

Related Articles

Back to top button