ٹیکنالوجی کی خبریں

واٹس ایپ بزنس ایپ کے صارفین کیلئے اہم فیچرز متعارف

میٹا نے واٹس ایپ بزنس ایپ کے لیے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی چند نئے فیچرز متعارف کرائے ہیں۔

مارک زکربرگ کی جانب سے برازیل میں میٹا کی ایک کانفرنس کے دوران واٹس ایپ بزنس کے لیے ان نئے فیچرز کے بارے میں بتایا گیا۔

انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ میٹا کی جانب سے ایسے اے آئی ایجنٹس تیار کیے جا رہے ہیں جو کاروباری اداروں کو واٹس ایپ میں صارفین سے بات چیت کرنے میں مدد فراہم کریں۔

انہوں نے کہاکہ ہم اے آئی اسسٹنٹ کے ساتھ ساتھ مختلف مقاصد کے لیے متعدد اے آئی ایجنٹس بھی تیار کرنا چاہتے ہیں۔

بعد ازاں میٹا کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ واٹس ایپ بزنس صارفین اے آئی کو استعمال کرکے فیس بک اور انسٹا گرام اشتہارات تیار کر سکیں گے جن پر کلک کرکے صارفین کسی بھی کاروباری ادارے سے واٹس ایپ چیٹ کر سکیں گے۔

کمپنی کے مطابق وہ ایسی اے آئی کسٹمر سپورٹ کی آزمائش بھی کر رہی ہے جو خودکار طور پر صارفین کے سوالات کا جواب دے سکے۔

اس فیچر کی آزمائش بھارت اور سنگاپور میں ہو رہی ہے اور جلد برازیل میں بھی اسے متعارف کرایا جائے گا۔

میٹا نے یہ بھی بتایا کہ اے آئی میسجز میں ایسے لیبل موجود ہوں گے جن سے صارفین کو علم ہوگا کہ وہ کسی انسان سے نہیں بلکہ اے آئی بوٹ سے بات کر رہے ہیں۔

واٹس ایپ کی جانب سے میٹا ویریفائیڈ کو بھی بزنس ایپ کا حصہ بنایا جا رہا ہے جس کے ذریعے کاروباری ادارے اپنے اکاؤنٹس کو ویریفائی کرسکیں گے۔

Related Articles

Back to top button