کھیلوں کی خبریں

سری لنکن ٹیم کے سارے وعدے دھرے کے دھرے رہ گئے، پاکستانی کرکٹ شائقین کیلئے بری خبر آگئی

سری لنکا کے ون ڈے ٹیم کے کپتان ڈیموتھ کرونارتنے سمیت سینئر کھلاڑیو ں نے سیریز کیلئے پاکستان آنے سے انکارکر دیاہے اور تاحال ان کا کرکٹ بورڈ اپنے کھلاڑیوں کو قائل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا ہے۔

ٹیم کے متعدد سینئر کھلاڑیوں نے پاکستان میں ہونے والی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے سے انکار کر دیا ہے، ون ڈے کپتان ڈیموتھ کرونارتنے، ٹی ٹوئنٹی قائد لسیتھ مالنگا اور سابق کپتان انجیلومیتھیوز کو تاحال قائل نہیں کیا جا سکا۔

سری لنکا کے وزیر کھیل ہیرن فرنانڈو نے تصدیق کی کہ کچھ کھلاڑیوں نے اپنے اہل خانہ کی طرف سے اٹھائے گئے سیکیورٹی خدشات کی بنا پر کھیلنے سے انکار کیا ہے، انھوں نے کہا کہ سری لنکن کرکٹ حکام پیر کو کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے تاکہ دورے پر راضی کر سکیں۔ وزیر کھیل نے کہا کہ میں پلیئرز سے پہلے ہی کہہ چکا کہ ان کے ساتھ پاکستان جانے کو تیار ہوں۔

پی سی بی رواں سال اکتوبر میں سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریزکی ہوم گراؤنڈز پر میزبانی کا خواہاں تھا،انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ایس ایل سی کا ایک سیکیورٹی وفد بھی کراچی و لاہور آیا اور اطمینان کا اظہار کیا، جس کے بعد چیئرمین احسان مانی نے سری لنکن بورڈ کے صدر سے فون پر بات کی تھی،بالآخر اتفاق رائے سے فیصلہ ہوا کہ پہلے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی جائے گی، ٹیسٹ سیریز دسمبر میں ہوگی جس کے شیڈول اور وینیو کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔

 

Related Articles

Back to top button