جاوید میانداد پی سی بی پر برس پڑے، اہم راز فاش

سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میانداد نے کرکٹ چلانے کیلئے غیر ملکی لوگ لانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو آڑے ہاتھوں لے لیا جن کا کہنا ہے کہ کیا پاکستان کے لوگ مر گئے ہیں جو غیر ملکی لوگوں کو لایا جا رہا ہے۔

کراچی میں ایک تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید میانداد نے کہا کہ حکومت اور بورڈ جواب دے کہ کیا ہمارے لوگ اس قابل نہیں ہیں کہ غیرملکی لائے جا رہے ہیں، یہ بات میری سمجھ سے باہر ہے کہ کس طرح ادارے چلائے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، ہمارے کھلاڑی گلیوں اور سڑکوں پر ہی کھیل کر سامنے آئے، آپ کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کریں وہ کارکردگی دکھائیں گے، غلط چیزوں پر آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے،اس حوالے سے قومی میڈیا کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

مصباح الحق کو ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کی دہری ذمہ داری دینے پر پر بھی میانداد نے سخت تنقید کی اور کہاکہ نظام کو چلانے کیلئے زیادہ سے زیادہ افراد کو ذمہ داری ملنی چاہیے، یہ عمل سود مند رہتا ہے لیکن یہاں افسوسناک طور پر پی سی بی میں صرف ایک ہی گروپ کھیل رہا ہے۔

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں