کھیلوں کی خبریں

ہماری نیت صحیح ہے اس وجہ سے زیادہ پریشانی نہیں ہوئی، رمیز راجہ

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجا کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کو آسٹریلیا میں ہرانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رمیز راجا کا کہنا تھا کہ عہدہ سنبھالتے ہی کئی چیلنجز کا سامنا رہا، ورلڈ کپ پھر غیر ملکی ٹیموں کا واپس جانا بڑے چیلنجز تھے، ہماری نیت صحیح ہے…

رمیز راجا کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم واپس گئی اور انگلینڈ نے انکار کیا تو ایشین کونسل میں آواز اٹھائی، اجلاس میں یہ بات کی کہ کسی ایشین ملک کے ساتھ زیادتی ہو تو سب کو کھڑا ہونا چاہیے، نیت ٹھیک ہو تو تمام چیزیں ٹھیک ہوتی ہیں۔

پاکستانی کوچز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے رمیز راجا کا کہنا تھا کوچز پر میری کوئی حتمی رائے نہیں ہے، کوچز کے ساتھ لمبے کنٹریکٹ کرتے تو پھنس جاتے ہیں، ہمیں کوچز نہیں اسپیشلسٹ کی ضرورت ہو گی، کوچز نچلی سطح پر لگائے جائیں تو زیادہ بہتری ہو گی، غیر ملکی یا ملکی کوچ لانے کا تاحال فیصلہ نہیں کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو فیلڈنگ کو بہتر بنانا ہوگا، کوچز کا کام ٹیم کا ماحول بنانا اور ٹریننگ کروانا ہے لیکن ٹیم نے اوپر جانا ہے تو لیڈر کو نڈر ہونا ہو گا۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ٹیم کو اعتماد دیا، ورلڈکپ سے پہلے کپتان کو اس کی مرضی کی ٹیم دی، آغاز اچھا ہے لیکن ابھی بہت کام باقی ہے، اگلے سیزن میں دنیا کی بہترین ٹیمیں پاکستان آ رہی ہیں، ہر انٹرنیشنل میچ کے لیے اتنا ہی زور لگائیں گے جتنا پی ایس ایل کے لیے لگایا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسکول کرکٹ ہماری بہت اچھی چل رہی ہے، 100 بہترین کھلاڑیوں کا اعلان کریں گے، ان بچوں کو تربیت کے ساتھ 30 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ بھی دیں گے۔

رمیز راجا کہنا تھا کہ آسٹریلیا سے مٹی اور پچز منگوا رہے ہیں، جب تک آسٹریلیا کو آسٹریلیا میں نہ ہرا لیں اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

Related Articles

Back to top button