کھیلوں کی خبریں

دوسرا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان نے بنگلہ دیش کو شکست دے کرسیریز اپنے نام کر لی

پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔

قومی ٹیم نے بنگلہ دیش کی جانب سے دیا گیا 109 رنز کا ہدف باآسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر اننگز کے 18 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔

پاکستان کی جانب سے فخر زمان نے زبردست بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور شاندار نصف سنچری اسکور کی۔ انہوں نے 57 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

ان کے علاوہ محمد رضوان نے 39 رنز بنائے۔ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم ایک بار پھر لمبی باری کھیلنے میں ناکام رہے اور صرف ایک رن بنا کر بولڈ ہو گئے۔

اس جیت کے ساتھ پاکستان کو تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔
قومی ٹیم کے گیند بازوں نے ابتدا سے بنگلہ دیشی بیٹرز پر اپنی نپی تلی بولنگ سے دباو بنائی رکھا اور انہیں کھل کر بیٹنگ کرنے نہیں دی۔

بنگلہ دیش کو پہلا نقصان اننگز کے پہلے ہی اوور کی پانچویں گیند پر ہوا جب سیف حسن شاہین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ دوسرے اوور میں محمد وسیم نےمحمد نعیم کو چلتا کیا۔

ابتدائی دو وکٹیں گرنے کے بعد نجم الحسن اور عفیف کے درمیان 73 رنز کی اچھی شراکت داری قائم ہوئی۔ نجم 40 جب کہ عفیف 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

دونوں کھلاڑیوں کو شاداب خان نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد بنگلہ دیشی مڈل آرڈر لڑکھڑا گیا، پہلے کپتان محموداللہ پھر نورالحسن اور اس کے بعد مہدی حسن جلد پولین لوٹ گئے۔

بنگلہ دیش نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین اور شاداب نے دو دو جب کہ وسیم، حارث اور نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Related Articles

Back to top button