کھیلوں کی خبریں

پاکستان ٹیم کا اچھا مومنٹم بنا ہوا ہے اسی کو برقرار رکھیں گے، بابراعظم

قومی ٹیم کےکپتان بابراعظم کا کہنا ہےکہ سیمی فائنل میں ہارنے کا دکھ ہے لیکن اس وقت پاکستان ٹیم کا اچھا مومنٹم بنا ہوا ہے اور اسی کو برقرار رکھیں گے۔

ورچوئل پریس کانفرنس میں بابراعظم نے کہا کہ بنگلا دیش کی ہوم سیریز میں انہیں آسان نہیں لیا جا سکتا، سینئر کھلاڑیوں کے نہ ہونے کے باوجود ٹیم میں جو کھلاڑی شامل ہیں انہیں بنگلا دیش پریمئیر لیگ کھیلنے کا تجربہ ہے، اس لیے ہم سیریز میں اعتماد کے ساتھ کھیلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان ٹیم کا اچھا مومنٹم بنا ہوا ہے اور اسی کو برقرار رکھنے کی کوشش کی ہے، سیمی فائنل میں ہارنے کا دکھ ہے اور ہر کسی کو افسوس ہوا ہے، اس لیے تمام کھلاڑیوں کو بیک کیا ہے، انہیں اعتماد دیا ہے اس لیے مومنٹم کو برقرار رکھ رہے ہیں۔

بابراعظم کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ہمارے 6 میچز ہیں، ان میچز میں مختلف کمبی نیشن آزمائیں گے، ڈھاکا میں سیریز کی تیاری کا جتنا موقع ملا ہے اس سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے، ہماری کوشش یہی ہے کہ ورلڈکپ کی طرح یہاں بھی اچھا کھیلیں، یہاں کنڈیشنز مختلف ہوتی ہی ، ویسے رنز نہیں بنیں گے جیسے یو اے ای میں بنتے رہے ہیں، یہاں وکٹ پر ٹھہرنا ہو گا اور اسی سے فائدہ ہو گا۔

قومی کپتان نے مزید کہا کہ کووڈ 19 کی وجہ سے فینز گراؤنڈ میں نہیں آسکتے تھے لیکن اب یہاں انہیں اسٹیڈیم میں آنے کی اجازت ملی ہے جو خوش آئند ہے، ہمیں یہاں بہت سپورٹ ملتی ہے ، ہم جب اسٹیڈیم آتے ہیں تو راستے میں ہمیں لوگ چئیر کرتے ہیں، بنگلا دیش کی ٹیم کی سپورٹ کے ساتھ ہمیں بھی فینز کی یہاں سپورٹ ملتی ہے۔

آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے متعلق بابراعظم نے کہا کہ آسٹریلیا کس ٹیم کے ساتھ جائیں گے ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، وطن واپس پہنچنے پر سلیکٹرز اور دیگر افراد کے ساتھ مل بیٹھیں گے اور پلان تیار کریں گے، اس وقت ہمارا فوکس سیریز ٹو سیریز ہے، تمام کھلاڑیوں کے مائنڈ کلئیر ہیں ، ہر کوئی اپنے رول کے مطابق کھیل رہا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلادیش کی ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ کل شیر بنگلا نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میر پور میں کھیلا جائے گا

Related Articles

Back to top button