کھیلوں کی خبریں

زامپا کی تباہ کن باولنگ، بنگال ٹائیگرز کینگروز کے سامنے ڈھیر

ٹی20 ورلڈ کپ میں ایڈم زامپا سمیت آسٹریلین باؤلرز کی تباہ باؤلنگ کے سبب بنگلہ دیش کی ٹیم صرف 73رنز پر ڈھیر ہو گئی۔دبئی میں کھیلے جا رہے ایونٹ کے سپر 12 راؤنڈ کے میچ میں آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

بنگلہ دیش کو ایک مرتبہ پھر اننگز کی ابتدا سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور پہلے ہی اوور میں مچل اسٹارک نے لٹن داس کو بولڈ کردیا جو کھاتا بھی نہ کھول سکے۔

ابھی دوسرے اوور میں اسکور چھ تک پہنچا ہی تھا کہ سومیا سرکار بھی جوش ہیزل وُڈ کا شکار بن گئے اور پھر گلین میکسویل نے ٹیم کو تیسری کامیابی دلاتے ہوئے تجربہ کار مشفیق الرحیم کا کام تمام کردیا۔

تین وکٹیں گرنے کے بعد کپتان محموداللہ ریاض اور محمد نعیم نے 22 رنز جوڑ کر اسکور بمشکل 32 تک پہنچایا ہی تھا کہ ہیزل وُڈ نے دوسری وکٹ لیتے ہوئے نعیم کی اننگز کا خاتمہ کردیا جنہوں نے 16رنز بنائے جبکہ عفیف کھاتا کھولے بغیر ہی چلتے بنے۔

33 رنز پر آدھی بنگلہ دیشی ٹیم آؤٹ ہو چکی تھی تاہم اس مرحلے پر بنگلہ دیشی کپتان نے شمیم حسین کا ساتھ ساجھے داری قائم کرتے ہوئے 62 تک پہنچایا جس کے بعد ایسا محسوس ہوا کہ شاید بنگلہ دیشی ٹیم کچھ معقول مجموعے تک رسائی میں کامیابی رہے گی لیکن ایڈم زامپا کے تباہ کن اسپیل نے بنگلہ دیش کی صفوں میں ہلچل مچا دی۔

انہوں نے رنز بنانے شمیم حسین کے بعد اگلی ہی گیند پر مہدی حسن کو بھی چلتا کردیا جبکہ دسرے اینڈ سے اسٹارک نے محموداللہ کی وکٹ لے کر اپنی ٹیم کو آٹھویں کامیابی دلائی۔

زامپا نے بہترین باؤلنگ کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے اگلے اوور میں مزید دو وکٹیں لے کر بنگلہ دیش کی اننگز کا خاتمہ کردیا جو 73رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زامپا نے کیریئر کی بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 19 رنز کے عوض 5 وکٹیں لیں جبکہ اسٹارک اور ہیزل وُڈ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

Related Articles

Back to top button