کھیلوں کی خبریں

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ؛ پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اعصاب شکن مقابلے کے بعد پاکستان نے کیویز کو دبوچ ہی لیا۔

شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا جبکہ قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ۔

 نیوزی لینڈ کی اننگز

نیوزی لینڈ نے پاکستان کیخلاف مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے ، ڈیرل مچل اور ڈیون کونوے 27،27 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 22 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔

اس کے علاوہ محمد حفیظ ،عماد وسیم اور شاہین شاہ نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 37 رنز پر گری جب حارث رؤف کی گیند پر مارٹن گپٹل 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے ۔

54رنز پر نیوزی لینڈ کے بیٹسمین ڈیرل مچل بھی عماد وسیم کی گیند پر 27 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 56 رنز پر گری ،جیمز نیشم محمد حفیظ کی گیند پر صرف 1 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ 90 رنز پر گری ، کپتان ولیم سن حسن علی کی ڈائریکٹ تھرو کا شکار ہوئے،وہ 25 رنز بنا سکے۔

نیوزی لینڈ کے ڈیون کونوے اورگلین فلپس17ویں اوور میں حارث رؤف کا شکار بنے۔

اس کے علاوہ ٹم سائفرٹ 8 رنز بنا کر شاہین شاہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کی اننگز

پاکستان نے آخری اوورز میں شعیب ملک اور محمد آصف کی ذمہ درانہ بیٹنگ کی بدولت 135 رنز کا ہدف 19 ویں اوورز میں مکمل کرلیا۔

پاکستان کی جانب سے شعیب ملک اور محمد آصف نے ناقابل شکست 27،27 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کے 134 رنز کے جواب میں پاکستان کی پہلی وکٹ 28 رنز پر گری ،کپتان بابر اعظم 9 رنز بنا کر ٹم ساؤتھی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

بابر اعظم کو بولڈ کرتے ہی ٹِم ساؤتھی نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرلی۔

 وہ یہ کارنامہ سرانجام دینے والے تیسرے بولرہیں ان سےقبل سری لنکا کے ملنگا اور بنگلادیش کے شکیب الحسن ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرچکے ہیں۔

نیوزی لینڈ نے اپنا دوسرا شکار 9ویں اوور میں کیا،پاکستان کے فخر زمان 11 رنز بنا کر سودھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

پاکستان ٹیم کا اسکور 63 رنز پر پہنچا تو حفیظ نے سینٹنر کی گیند پر قدم بڑھا کے لانگ آف کی جانب ہوا میں شاٹ کھیلا، نیوزی لینڈ کے ڈیون کونوے نے گیند کو لپک کر ایک شاندار کیچ پکڑ ا اور حفیظ کو 11 رنز پر پویلین بھیج دیا۔

 پاکستان کے محمد رضوان 33 رنز بنا کر سودھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

پاکستان ٹیم کا اسکور 87 رنز پر پہنچا تو عماد وسیم غلط شاٹ کھیل کر بولٹ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

Related Articles

Back to top button